سینیٹ الیکشن کا کرنٹ شوبز انڈسٹری کو بھی لگ گیا

شان شاہد، ہارون شاہد اور روحیل حیات نے وزیر اعظم کو اپنے اعتماد کا ووٹ دے دیا۔

پاکستان میں شوبز انڈسٹری کے ستارے عام طور پر ملکی سیاست سے دور رہتے ہیں لیکن سینیٹ انتخاب کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی تقریر نے اُن کو بھی متاثر کردیا ہے۔ اداکارہ عفت عمر نے مسلم لیگ (ن) کی حمایت کردی ہے اور نواز شریف کی تازہ تقریر ٹوئٹ کر دی ہے۔

پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری ہو یا فلم انڈسٹری فنکار عام طور پر سیاسی معاملات میں اپنی رائے کم ہی دیتے ہیں لیکن اس مرتبہ سینیٹ انتخاب کے نتیجے میں سامنے آنے والی پیچیدگی نے جہاں حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے وہیں شوبز انڈسٹری بھی تذبذب کا شکار ہے۔ مختلف اداکار وزیر اعظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر انڈسٹری کی معروف شخصیات نے انہیں سراہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار شان شاہد نے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کیا۔ ٹوئٹ میں لکھا کہ چاہے آپ اقتدار میں ہوں یا حزب اختلاب میں آپ نے ہمیشہ حق کی آواز بلند کی ہے۔ بظاہر ہاری جانے والی جنگوں کے نتائج مستقبل میں جیت کا پیغام لاتے ہیں۔ شان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان کے معروف میوزک پروڈیوسر روحیل حیات نے ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آپ ایک بہادر رہنما ہیں۔

اداکار ہارون شاہد نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے کی حمایت کی۔ اداکار نے ن لیگ کے بانی قائد کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پریشان ہیں لیکن نہ تو ان کے پلیٹلیٹس گرے نہ ہی انہیں کوئی اور بیماری ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں سوشل میڈیا پر ایک نیا ٹرینڈ چل پڑا

دوسری جانب سابق ماڈل اور میزبان عفت عمر نے میاں نواز شریف کی حمایت کا اشارہ  دیتے ہوئے ٹوئٹر پر ان کی تقریر شیئر کی ہے۔

وزیر اعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ مستقبل میں ملکی سیاست میں کیا رنگ دکھائے گا یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا لیکن شوبز انڈسٹری میں بھی حکومت کی حمایت اور مخالفت میں آراء سامنے آنے لگی ہیں۔

متعلقہ تحاریر