صنم ماروی کو اغوا کرنے کا مقدمہ سابق شوہر کے خلاف درج
گلوکارہ صنم ماروی نے دو سال قبل حامد علی سے فیملی کورٹ کے ذریعے خلع حاصل کی تھی۔
پاکستانی گلوکارہ صنم ماروی نے اپنے سابق شوہر، دیور اور ان کے ساتھیوں کے خلاف اغوا کی کوشش کرنے اور تشدد کر کے زخمی کرنے کی ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔ اگست 2017 میں گلوکارہ حمیرا ارشد نے بھی اپنے شوہر احمد بٹ پر تشدد کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق گلوکارہ صنم ماروی نے سابق شوہر حامد علی بہلول، دیور اور ان کے ساتھیوں پر اغوا کرنے کی کوشش اور مزاحمت پر تشدد کی ایف آئی آر تھانہ اسلام پورہ میں درج کروائی ہے۔ گلوکارہ نے تشدد کی تصاویر بطور ثبوت پولیس کو پیش کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے ایوب خان مفلسی کا شکار
پولیس کو بیان دیتے ہوئے گلوکارہ صنم ماروی کا کہنا تھا کہ ’میرے ڈرائیور نے میری جان بچائی اور موقع سے دور لے گئے تھے۔‘

دو سال قبل صنم ماروی نے سابق شوہر کی جانب سے بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنانے اور گالیاں دینے کے معاملے پر عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر فیملی کورٹ کی جج صندل خٹک نے فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کر دی تھی۔
اس سے قبل پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ کی 2017 کی رپورٹ کے مطابق گلوکارہ حمیرا ارشد نے اپنے شوہر احمد بٹ کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا جس میں الزامات لگائے گئے تھے کہ میرے شوہر احمد بٹ اور ان کے ساتھیوں نے گھر میں زبردستی گھس کر میرے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس بنا پر پولیس نے احمد بٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔

رواں برس فروری میں روزنامہ ’نوائے پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق نامور پاکستانی گلوکارہ حمیرا ارشد اور ان کے شوہر احمد بٹ کے درمیان دوبارہ صلح ہوگئی اور گلوکارہ حمیرا ارشد نے خلع کا مقدمہ واپس لے لیا ہے۔ حمیرا ارشد اور احمد بٹ گذشتہ 14 برس سے شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، تاہم دو برس قبل دونوں کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے تھے جس کے بعد حمیرا ارشد نے احمد بٹ سے علیحدگی کے لیے فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔









