رمضان ٹرانسمیشن میں کون بازی لے گیا؟جیتو پاکستان یا جیوے پاکستان؟
عامر لیاقت ایک مرتبہ پھر بدنام ہوکر نام کمانے میں کامیاب ہوگئے۔

ہر سال ماہ رمضان میں مختلف ٹی وی چینلز پر رمضان ٹرانسمیشنز کے درمیان ایک جنگ شروع ہوجاتی ہے۔ اس مرتبہ میزبان عامر لیاقت حسین اور فہد مصطفیٰ کی رمضان نشریات کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا اور تنازعات میں گھرے رہنے والے عامر لیاقت ایک مرتبہ پھر بازی لے گئے۔
عامر لیاقت گذشتہ کئی سالوں سے مختلف ٹی وی چینلز پر رمضان کی خصوصی نشریات کی میزبانی کرتے آرہے ہیں لیکن فہد مصطفیٰ نے جب اس میدان میں قدم رکھا تو شائقین کی تمام تر توجہ ان کے پروگرام کی طرف مرکوز ہوگئی اور ریٹنگ آسمان سے باتیں کرنے لگی۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے شروعات میں تو عامر لیاقت کو مشکل پیش آئی مگر انہوں نے ایک مرتبہ پھر منوالیا کہ رمضان ٹرانسمیشن کے بادشاہ وہی ہیں۔
اس سال عامر لیاقت نے ایکسپریس ٹی وی پر جیوے پاکستان اور فہد مصطفٰی نے ہمیشہ کی طرح اے آر وائی پر جیتو پاکستان کے نام سے رمضان کی خصوصی نشریات پیش کیں۔ فہد مصطفیٰ کے شو کا بجٹ زیادہ تھا اس لیے روزانہ کی بنیاد پر متعدد فنکاروں کو مدعو کیا جاتا تھا تاہم شائقین کو اس سال بھی ان کے پروگرام میں کوئی نئی چیز دیکھنے کو نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیے
عامر لیاقت کی تیسری شادی کا ڈرامہ کب تک چلے گا؟
فہد مصطفیٰ کے برعکس عامر لیاقت کی رمضان نشریات کا بجٹ کم تھا۔ صف اول کے اداکاروں کو بھی مدعو نہ کیا جاسکا لیکن وہ ایک مرتبہ پھر مداحوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ عامر لیاقت نے رمضان ٹرانسمیشن کے سیٹ پر ناگن ڈانس کیا جو سوشل میڈیا پر بےحد مقبول ہوا اور اس پر متعدد میمز بنائی گئیں جوکہ تیزی سے وائرل ہوئیں۔
یہ آرٹ کی انتہائی بھونڈی توعین ھے۔ مُجھے عامر لیاقت سے یہ توقوع نہیں تھی، وہ نقلی عالم یا نقلی سیاستدان تو بڑی کامیابی سے بنتے رھے ھیں لیکن انڈین فلم ناگن کے میوزک پر ان کا تن بدن یا من کچھ اور ھی کرتا نظر آرھا ھے۔ عمران خان کو ایسے ھی ساتھی زیب دیتے ھیں https://t.co/3mLBMOuLU5
— Jamal Shah (@SydJamalShah) April 20, 2021
معروف میزبان نے ایک شو میں پاکستان کی معروف ایتھلیٹ نسیم حمید کے ساتھ ریس لگائی تو سیٹ پر گرپڑے۔ یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس گرنے پر اتنی میمز بنیں کہ سوشل میڈیا عامر لیاقت ہی عامر لیاقت نظر آئے۔ لوگوں نے خوب جملے کسے۔ لیکن عامر لیاقت کو اس سے نا پہلے کوئی فرق پڑا ہے نا اب پڑا البتہ ان کا شو مشہور ہوگیا۔
View this post on Instagram
سونے پر سہاگہ ہانیہ خان نے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ ہونے کا دعویٰ کردیا۔ وہ ایکسپریس کے دفتر کے باہر پہنچ گئیں اور عامر لیاقت کو خوب خوب القابات سے نوازا۔
خاتون کے اس دعوے کے بعد سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر نئی بحث چھڑگئی اور عامر لیاقت ایک مرتبہ پھر بدنام ہوکر نام کمانے میں کامیاب ہوگئے۔ اس طرح جہاں جیتو پاکستان اور فہد مصطفیٰ کے شو کے چرچے ہونے چاہیے تھے وہاں عامر لیاقت کے اسکینڈلز پر بات ہونے لگی۔ لوگوں نے صرف اس لیے جیوے پاکستان دیکھا کہ نجانے کس دن عامر لیاقت کون سی نئی حرکت کردیں جو وائرل ہو جائے۔
عامر لیاقت نے اداکارہ سجل علی کی بہن صبور علی کے ساتھ جو انٹرویو کیا وہ بھی خاصا وائرل ہوا حالانکہ وہ اپنے منگیتر کے ساتھ جیوے پاکستان میں آئیں تھیں لیکن بظاہر عامر لیاقت ان سے فلرٹ کرتے رہے۔ اس کے بعد اداکارے نوشین شاہ نے بھی عامر لیاقت کو زیادہ بولنے پر آڑے ہاتھوں لیا اور اس طرح رمضان کے اختتام پر بھی عامر لیاقت ایک تنازعے میں پھنس کر لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبزول کرانے میں کامیاب ہو گئے۔
اس شعبے سے وابستہ ناقدین کا بھی خیال ہے کہ فہد مصطفی کا جیتو پاکستان اپنے لحاظ سے بہترین شو رہا جس میں انٹرٹینمنٹ تو بھر پور تھا لیکن کچھ بھی نیا نہیں تھا۔ جبکہ عامر لیاقت کے جیوے پاکستان میں کچھ بھی خاص نہیں تھا لیکن تنازعات کا محور بن کر انہوں نے وہ حاصل کر لیا جو شاید وہ عام ٹرانسمیشن کرکے حاصل نہیں کر پاتے۔









