پریانکا چوپڑا وکٹوریہ سیکریٹ سے منسلک

برانڈ نے نئی اشتہاری مہم کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی بااختیار خواتین کو منتخب کیا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا مشہور امریکی برانڈ وکٹوریہ سیکریٹ سے منسلک ہوگئیں ہیں۔ بیوٹی برانڈ کی نئی اشتہاری مہم کے لیے بااختیار خواتین کا انتخاب کیا گیا ہے۔

پریانکا چوپڑا کا شمار بالی ووڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جبکہ ہالی ووڈ میں بھی وہ ان دنوں خوب نام کما رہی ہیں۔ ترقی کی منازل طے کرتی پریانکا چوپڑا اب عالمی شہرت یافتہ برانڈ وکٹوریہ سیکریٹ کی برانڈ ایمبیسیڈر بن چکی ہیں۔

وکٹوریہ سیکریٹ نے اپنی نئی اشتہاری مہم کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی بااختیار خواتین کو منتخب کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وکٹوریہ سیکریٹ نے برانڈ ایمبیسیڈر بننے والی تمام ساتوں خواتین کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پریانکا چوپڑا جیمز بانڈ بننے کو تیار

وکٹوریہ سیکریٹ سے منسلک ہونے پر پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ ایک نیا دور ہمیشہ آزادی کا احساس دلاتا ہے اور وکٹوریہ سیکریٹ جیسے برانڈ کے مستقبل کو مزید روشن کرنے میں کردار ادا کرنا ان کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔

سال 2019 کے سالانہ فیشن شو کے بعد برانڈ کو تمام سائز اور پس منظر کے ماڈل قبول نہ کرنے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چند ماڈلز نے وکٹوریہ سیکریٹ کے انتہائی بولڈ فیشن شو پر بھی تنقید کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ انہیں نیم عریاں کیٹ واک پر مجبور کیا جاتا رہا ہے۔

گزشتہ برس وکٹوریہ سیکریٹ کے سابق چیف فنانشل ایگزیکٹو افسر ایڈورڈ ریزک پر 30 سے زائد خواتین ملازمین اور ماڈلز نے جنسی استحصال اور کام کے بدلے جنسی تعلقات استوار کرنے کے الزامات عائد کیے تھے جس سے برانڈ کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

متعلقہ تحاریر