بیگم خورشید شاہد کے انتقال کی خبر پر جیو نیوز کی فاش غلطی
جیو نیوز کی غلطی پر فصیح باری خان آگ بگولہ ہوگئے۔

جیو نیوز نے پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی معروف ادکارہ اور سینیئر ریڈیو صداکارہ خورشید شاہد کے انتقال کی خبر نشر کی لیکن فنی زندگی کے بارے میں تمام معلومات بیگم خورشید مرزا کی بتائی گئیں۔ مصنف فصیح باری خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جیو نیوز پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کردیا۔
کسی بھی فنکار کے انتقال پر خبر کی تصدیق کرنا اور اس کے بعد اس فنکار کی زندگی کے بارے میں درست معلومات فراہم کرنا میڈیا کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ لیکن، ان دنوں کئی نیوز چینلز اس حوالے سے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیتے دکھائی دیتے ہیں۔ جیو نیوز نے بھی بیگم خورشید کے انتقال کی خبر نشر کرتے ہوئے تمام تر معلومات بیگم خورشید مرزا کی بتادیں۔ فصیح باری خان نے ٹوئٹر پوسٹ میں جیو نیوز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ماضی کی مقبول اداکارہ بیگم خورشید شاہد انتقال کرگئیں https://t.co/wFYd6ykA1c
جیو نے…. بیگم خورشید شاہد کی نیوز لگائی ہے اور ان کی فنی زندگی میں ساری معلومات بیگم خورشید مرزا کی لکھ دی ہیں…. جہالت زندہ باد…. 😉
— Faseeh Bari Khan (@FaseehBariKhan2) June 27, 2021
یہ بھی پڑھیے
جیو نیوز کی اینکر میڈیا مالکان سے نالاں
جیو نیوز نے بیگم خورشید شاہد کے مشہور ڈراموں میں زیر زبر پیش، انکل عرفی، کرن کہانی، پرچھائیاں اور دھند کو شامل کیا جبکہ یہ ڈرامے بیگم خورشید مرزا کے تھے، جن کا انتقال 1989 میں ہوا تھا۔
بیگم خورشید شاہد نے پی ٹی وی پر پہلی مرتبہ کامیڈی ڈرامے رس ملائی میں کام کیا تھا جبکہ ان کے مشہور ڈراموں میں فہمیدہ کی کہانی استانی راحت کی زبانی کا نام سرفہرست ہے۔
ٹی وی چینلز کو فنکاروں کی زندگی سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ بریکنگ نیوز کی دوڑ میں اس اہم معاملے کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیئے۔