دلیپ کمار، فلم سے حقیقت تک ایک کہانی

سائرہ بانو کی محبت دلیپ کمار کے لیے اتنی سچی تھی کہ قدرت نے دونوں کا ساتھ مقدر میں لکھ دیا۔

برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر جہاں ان کی زندگی سے جڑی مختلف یادیں شیئر کی جارہی ہیں وہیں ان کی سائرہ بانو سے شادی اور ان سے جڑی یادیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ دلیپ کمار کی سائرہ بانو سے محبت کی بھی ایک الگ کہانی ہے۔

لیجنڈ اداکار دلیپ کمار اپنی اہلیہ سائرہ بانو سے عمر میں 22 سال بڑے تھے۔11 اکتوبر 1966 میں انکی شادی کے وقت سائرہ بانو 22 جبکہ دلیپ کمار کی عمر 44 برس تھی۔ معروف جوڑے کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ ایک انٹرویو کے دوران سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ جب انہیں ایک فلم میں دلیپ کمار کے ساتھ کاسٹ میں شامل کیا گیا تو انہوں نے مجھے ایک چھوٹی سی بچی کہہ کر فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اس وقت وہ محض 12 سال کی تھیں لیکن انہیں دلیپ کمار سے محبت ہوگئی تھی۔

سن 1981 میں دلیپ کمار نے اسماء رحمان نامی ایک خاتون سے بھی شادی کی تھی جو محض 2 سال ہی چل سکی۔ اداکار نے مختلف انٹرویوز میں اپنی اس شادی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی کہانی بھی پاکستانی اداکار محمد علی اور زیبا کی طرح ہے۔ دونوں اداکاروں کی کوئی اولاد نہیں تھی جبکہ اداکارہ زیبا محمد علی سے عمر میں 14 سال چھوٹی تھیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دلیپ کمار اور سائرہ بانو جب لاہور آئے تھے تو انہوں نے اداکار محمد علی کے گھر میں ہی قیام کیا تھا۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار رشی کپور نے اپنی کتاب کھلم کھلا میں دلیپ کمار اور راج کپور کے درمیان دوستی کے رشتے کو خوبصورت انداز میں بیان کیا ہے۔

دلیپ کمار نے 54 سالوں کی رفاقت کے بعد اپنی جیون ساتھی کو زندگی کے اس سفر میں چھوڑ دیا ہے۔ ان کی وفات پر اداکارہ سائرہ بانو کی شاہ رخ خان کے پاس کھڑے ہوکر افسردہ ہونے والی تصویر بہت وائرل ہوئی ہے۔

فلم فیئر نے لیجنڈری اداکار کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے انڈین فلم انڈسٹریز کے لیے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے، فلم فیئر نے دلیپ کمار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ڈسپلے پکچر تبدیل کردی ہے۔ نامور اداکار کے انتقال پر بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی یادوں سے جوڑتے نظر آرہے ہیں۔ بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیپ کمار کے ساتھ  فن کا ایک ادارہ بھی رخصت ہوگیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لیجنڈ اداکار کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا ہے۔

جہاں دنیا بھر سے دلیپ کمار کے چاہنے والے انہیں اچھے الفاظ میں یاد کررہے ہیں وہیں پشاور کے شہریوں نے بھی ان کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے نیوز 360 سے خصوصی گفتگو میں دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر