عشنا شاہ اور نگہت داد ٹوئٹر پر آمنے سامنے

نگہت داد نے فنکاروں پر تنقید کی تو اداکارہ نے بھرپور انداز سے دفاع کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وکیل نگہت داد اور اداکارہ عشنا شاہ آمنے سامنے آگئیں۔ نگہت داد نے فنکاروں پر تنقید کی تو اداکارہ نے بھرپور انداز سے دفاع کیا۔

نور مقدم کے قتل کے بعد فنکاروں نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے خلاف سوشل میڈیا پر بھرپور آواز اٹھائی  لیکن وکیل نگہت داد کو یہ بات پسند نہ آئی، انہوں نے ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ اگر پاکستانی اداکار اپنے فن پر توجہ دیں تو ٹی وی پر کچھ اچھا مواد دیکھنے کو ملے، افسوس ہمارے فنکاروں کا حقوق نسواں کا پرچار صرف سوشل میڈیا تک ہی محدود ہے، اتنا تکلف بھی کیوں کرتے ہیں آپ؟

یہ بھی پڑھیے

نور مقدم قتل کیس پر اداکارائیں یک زبان

اس ٹوئٹ پر اداکارہ عشنا شاہ نے جواب دیا کہ نگہت صاحبہ آپ فنکاروں کے بارے میں کچھ کہنے سے پہلے زرا سوچیں، ہم میں سے بہت سے افراد خاموشی سے اس حوالے سے کام کررہے ہیں، ہم سب اپنی طرف سے جو ممکن ہوسکتا ہے کرتے ہیں لیکن فیصلے کا اختیار ہمیں نہیں ہے، ہماری جگہ کبھی بھی کوئی بھی لے سکتا ہے ، اگر آپ چاہتی ہیں کہ ہم ہڑتال پر چلے جائیں تو براہ مہربانی آپ ہمیں آگے کام ملنے کی ضمانت بھی دیں۔

عشنا شاہ کے جواب پر نگہت داد نے ان سے مخاطب ہوکر کہا کہ فنکاروں کو ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے ڈراموں کے اسکرپٹ میں نمایاں تبدیلیاں نظر آئیں۔ ہمارے ڈرامے معاشرے کے سدھار نہیں بلکہ بگاڑ کا باعث بن رہے ہیں، یہ حقوق نسواں کے لیے کام کرنے والوں کی محنت کو ضائع کررہے ہیں۔ نگہت داد نے واضح کیا کہ ان کے پہلے ٹوئٹ کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں بلکہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر مثبت تنقید کرنا تھا جس سے بہتری لائی جاسکے۔

ہمارے معاشرے میں لوگوں کی تنقید کرنے کی عادت بہت عام ہے۔ سماج میں ہونے والے کسی بھی افسوسناک واقعے پر ہر شخص اپنے دائرے میں رہتے ہوئے اس کے خلاف آواز یا اقدام اٹھانے کی کوشش کرتا ہے۔ ایسے میں اس شخص پر تنقید کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ بلکہ ایسے شخص کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔ فنکاروں کے سوشل میڈیا پر بیانات خاصی اہمیت رکھتے ہیں اور مداح ان کی بات سنتے ہیں۔ اگر وہ اس میڈیم کا استعمال کرکے کوئی اچھا پیغام دے رہے ہیں تو اس اقدام کی حوصلہ شکنی نہیں کی جانی چاہیئے۔

متعلقہ تحاریر