ماہرہ خان کا ڈرامہ پہلے گانا بعد میں
ہم کہاں کے سچے تھے کہ او ایس ٹی میں یشال شاہد نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
پاکستانی ڈراموں کے ٹائٹل سانگز عام طور پر تشہیر کے وقت لانچ کیے جاتے ہیں لیکن ماہرہ خان کے نئے ڈرامے ہم کہاں کے سچے تھے کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) پہلی قسط کے بعد سامنے آیا۔
ماہرہ خان اپنے پروجیکٹس کے حوالے سے کافی محتاط رہتی ہیں اور مختلف نوعیت کے ڈرامے اور فلمز کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ اداکارہ کا نیا ڈرامہ سیریل ہم کہاں کے سچے تھے بھی کچھ منفرد ثابت ہوا اور اس نے ایک نئی روایت ڈالی۔
ڈرامے کی تشہیر تقریباً ایک ماہ سے جاری تھی لیکن مداح اس کے ٹائٹل سانگ کا انتظار کرتے رہے جوکہ پہلی قسط کے نشر ہونے کے بعد سامنے آیا۔ ماہرہ خان نے ہم کہاں کے سچے تھے کا او ایس ٹی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں گلوکارہ یشال شاہد نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
https://t.co/E4tqTyCyOY#HumKahanKeSachayThay OST out now!♥️🙌🏼
— Mahira Khan (@TheMahiraKhan) August 3, 2021
یہ بھی پڑھیے
شوبز انڈسٹری او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا رخ کرنے لگے
مداحوں کی جانب سے گانے کو بےحد پسند کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز ہم ٹی وی نے گانے کو اپنے یوٹیوب چینل پر بھی لانچ کیا۔ ٹائٹل سانگ اور اس کی ویڈیو کو ایک ہی روز میں 3 لاکھ 84 ہزار سے زیادہ صارفین نے سنا اور دیکھا۔
ڈرامے میں ماہرہ خان نے مہرین کا کردار ادا کیا ہے۔ مہرین ایک ایسی لڑکی ہے جو بچپن سے اپنے والدین کی غلطیوں کے باعث نانی اور دیگر خاندان والوں کی تنقید کا نشانہ بنتی آئی ہے۔ ہم کہاں کے سچے تھے میں ماہرہ خان کے مدمقابل اداکار عثمان مختار نے اسود کا کردار نبھایا ہے۔ اس کے علاوہ اداکارہ کبریٰ خان بھی مشعل کے اہم کردار میں دکھائی دے رہی ہیں۔