اداکارہ عائشہ عمر کا اپنے والد کے نام تہنیتی پیغام
اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی موجودگی کا احساس میرے لیے اطمینان کا باعث ہے۔
پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی پراعتماد اور متاثرکن شخصیت کی مالک اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے والد کی برسی کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے تہنیتی پیغام میں لکھا ہے کہ "یہ بالکل عجیب محسوس ہوتا ہے کہ مجھے اپنے والد کو جاننے کا کبھی موقع ہی نہیں ملا۔”
انسٹاگرام پر پیغام شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا ہے کہ "کئی برس قبل جب میرے والد کا انتقال ہوا تو ان کے 4 بچے تھے، جن میں 2 ان کی برطانوی بیوی اور 2 میری والدہ سے تھے۔”
یہ بھی پڑھیے
ازیکا ڈینیئل نے جی این این کے بائیکاٹ کا مشورہ کیوں دیا؟
اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے والد کے نام لکھی گئی تحریر میں اپنی والدہ کی بھی تعریف کی ہے جنہوں نے اکیلے اپنے دو بچوں کی پرورش کی۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ” میری والدہ نے دوسری شادی نہیں کی تھی ، بدترین حالات اور مشکل ترین راستوں سے گزرتے ہوئے انہوں نے میری اور میرے بھائی کی پرورش کی تھی۔”
View this post on Instagram
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا ہے کہ ” جب میں دو سال کی تھی تو میرے والد انتقال کر گئے تھے۔ میں نے ان کے بارے میں بہت سی خوبصورت باتیں سن رکھی ہیں۔ وہ نرم خو ، محبت کرنے والے ، شاعرانہ طبیعت اور زندگی سے بھرپور شخصیت کے مالک تھے۔
عائشہ عمر نے لکھا ہے کہ ” وہ کبھی نہیں جانتی تھیں کہ وہ اپنے والد کے بارے میں کیسا محسوس کرتی ہیں، ان کے بارے میں کیا سوچتی ہیں ، لیکن اب بڑے ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے جذبات اور احساسات میں ان کی موجودگی کو محسوس کرتی ہوں۔”
اداکارہ نے مزید لکھا ہے کہ ” ان کی موجودگی کا احساس مجھے تسلی دیتا ہے جب مجھے کسی چیز کا انتخاب کرنا ہوتا ہے یا میں کبھی غم اور تکلیف میں مبتلا ہوتی ہوں۔”
انہوں نے لکھا ہے کہ "میں ان کی موجودگی کو اپنے پاس پہلے سے زیادہ محسوس کرنے لگی ہوں، مجھے امید ہے ان کی روح ہماری طرف فخر سے دیکھ کر مسکرا رہی ہوگی۔
عائشہ نے اپنے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ "براہ کرم آج آپ لوگ ان کی روح کے سکون اور میرے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ میری حفاظت فرمائے اور میری مدد کرے۔”