انجلینا جولی کی 3 انسٹاگرام پوسٹ سے ایک کروڑ فالوورز
اداکارہ کو ابتدائی 3 گھنٹوں میں ہی 21 لاکھ افراد نے فالو کرلیا تھا۔
ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی انسٹاگرام پر آئیں اور چھاگئیں، محض 3 پوسٹ سے راتوں رات ایک کروڑ فالوورز بن گئے۔
انجلینا جولی معروف اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سفیر بھی ہیں۔ فلاحی کاموں میں دلچسپی لینے والی انجلینا جولی ان دنوں افغانستان کی صورتحال پر تشویش کا شکار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر افغان لڑکیوں کے مستقبل کے حوالے سے مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔ انسٹاگرام پر اکا ؤنٹ بنانا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ 20 اگست کو انجلینا جولی نے انسٹاگرام کی دنیا میں قدم رکھا۔ اداکارہ کو ابتدائی 3 گھنٹوں میں ہی 21 لاکھ افراد نے فالو کرلیا تھا۔ اور اب ان کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ تک جاپہنچی ہے۔
انجلینا جولی کی پہلی انسٹاگرام پوسٹ ایک افغان لڑکی کا تحریر کردہ خط تھی جس میں اس نے اداکارہ کو اپنے مستقبل کے خوف کے حوالے سے بتایا۔
View this post on Instagram
یہ بھی پڑھیے
نیٹ فلکس پر مائیکل شوماکر سے متعلق دستاویزی فلم نشر ہوگی
اداکارہ کی دوسری پوسٹ مہاجرین کے حوالے سے تھی۔ جس میں اعداد و شمار کی روشنی میں بتایا گیا تھا کہ دنیا کی ایک فیصد آبادی دربدر ہے۔
انجلینا جولی کی تیسری پوسٹ میں انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کے لیے بنائی ایک ویڈیو شیئر کی۔ اداکارہ کی پروڈیوس کردہ ویڈیو میں افغانستان کی بچیوں کے مستقبل کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔
ایک کروڑ فالوورز رکھنے والی انجلینا جولی نے خود صرف 3 اکاؤنٹس کو فالو کیا ہوا ہے ۔ واضح رہے اداکارہ نے تیزی سے فالوورز حاصل کرکے متعدد ہالی ووڈ فنکاروں کے انسٹاگرام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔