افغان پناہ گزینوں کی حالت زار پر اداکارہ ریما خان بھی پریشان
ریما خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پتا نہیں اب افغان پناہ گزینوں کا مستقبل کیا ہوگا۔
افغانستان سے امریکی انخلا کے دوران بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی جانب سے اپنے ملک کو چھوڑنے پر دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ افغان پناہ گزینوں کی صحت اور بہتر زندگی سے متعلق جہاں اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو پریشانی لاحق ہے، وہیں پاکستان کی سابق فلم اسٹار ریما خان بھی مایوس دکھائی دیتی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اداکارہ ریما خان نے اپنے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کی جانب سے انہیں بتائی گئی اسٹوری شیئر کی ہے۔ اداکارہ نے اپنے شوہر کے سفر کی تصاویر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو افغانستان کے بے گھر افراد کی زندگی سے متعلق آگاہ کیا۔
View this post on Instagram
ریما خان نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ ان کے شوہر نے انہیں افغان پناہ گزینوں سے متعلق جو حقائق بتائے ہیں وہ بہت ہی خوفناک ہیں۔
سابق اداکارہ نے لکھا کہ دوحہ میں امریکی میڈیکل کیمپ میں شامل ان کے شوہر نے افغانستان کے معصوم بچوں، حاملہ خواتین اور مختلف بیماریوں میں مبتلا شہریوں کا علاج کیا ہے جبکہ ہزاروں پناہ گزیں تاحال زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور واقعے کے بعد میرا کا مردوں کو انوکھا مشورہ
ریما خان نے مزید لکھا کہ وہ یہ جان کر بہت پریشان ہیں کہ افغان پناہ گزین کہاں جا رہے ہیں اور اب ان کا مستقبل کیا ہوگا۔
واضح رہے کہ سابق اداکارہ ریما کے شوہر طارق شہاب دوحہ میں امریکی میڈیکل ٹیم میں شامل تھے جہاں انہوں نے افغانستان سے جانے والے پناہ گزینوں کا علاج کیا تھا۔