آریان خان، مستقبل کا ستارہ چمکنے سے پہلے ہی ماند پڑگیا

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اتوار کو گوا میں موجود ایک کروز شپ پر چھاپہ مارتے ہوئے شاہ رخ خان کے 23 سالہ بیٹے آریان سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھارت میں انسدادِ منشیات کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) نے اتوار کو گوا میں موجود ایک کروز شپ پر چھاپہ مارتے ہوئے شاہ رخ خان کے 23 سالہ بیٹے آریان سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار کیے گئے 8 افراد میں سے آریان اور اداکار ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔ دھمیچا مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت کی بیٹی ہیں جبکہ ارباز ٹمبر کا کاروبار کرنے والے کے بیٹے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کی اس کارروائی کے فوری بعد بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سے کئی اداکاروں نے رابطہ کرکے ان کی ہمت بندھائی سلمان خان تو شاہ رخ خان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ بھی چلے گئے تھے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آریان کے کیس پر پولیس تحویل کے لیے پیش رفت نہیں کرے گا، آریان کو مزید تفتیش کے لیے صرف جوڈیشل تحویل میں رکھا جائے گا۔

دوسری طرف سوشل میڈیا پر بھی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات اظہار خیال کررہی ہیں۔

اداکارہ پوجا بھٹ نے لکھا کہ شاہ رخ میں آپ کے ساتھ ہوں، گو کہ آپ کو ضرورت نہیں ہے لیکن پھر بھی، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

دوسری طرف اداکارہ پریانکا شرما نے ایسی ہی پوسٹ نارکوٹکس بیورو کے لیے لکھ ڈالی۔ پریانکا نے نارکوٹکس بیورو کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

شاہ رخ نے نہایت محنت کے ساتھ فلم انڈسٹری میں اپنا مقام بنایا، آج وہ کنگ خان کہلاتے ہیں اور بھارتی عوام سمیت دنیا بھر میں اپنے مداحوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں لیکن ان کے صاحبزادے کی پرواز اڑان بھرنے سے پہلے ہی نیچے آگئی ہے۔

آریان خان ابھی شوبز کا حصہ نہیں تھے، ان کی وجہ شہرت فی الوقت صرف مہنگی پارٹیاں اور گاڑیاں ہی تھیں اور اب وہ اپنی انہی رئیسانہ عادتوں کی بدولت قانون کی گرفت میں آچکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر