پاکستان میں ویڈیو شیئرنگ ایپ بحال
ٹک ٹاک کی انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعدپاکستان میں ویڈیو شیئرنگ ایپ بحال
پاکستان میں ٹیلی کوم کے نگراں ادارے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی جانب سے غیر اخلاقی اور ممنوعہ مواد پھیلانےو الے اکاؤنٹس بلاک کرنے کی یقین دہانی کے بعد ایپ کو بحال کرنے کے لیے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
ٹک ٹاک انتظامیہ نے پی ٹی اے کو یقین دہانی کروائی ہے کہ غیر اخلاقی مواد کی مسلسل نگرانی اور ایسے اکاؤنٹس کو معطل کرنے کے لیے مقامی نظام تشکیل دے دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ جو اکاونٹ ممنوعہ مواد پھیلانے میں ملوث رہے انہیں بلاک کیا جائے گا اور اکاؤنٹس کو مقامی قوانین کے مطابق چلایا جائے گا۔
پاکستان میں پی ٹی اے نے 9 اکتوبر کو ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی تھی، جس کے لیے نامناسب مواد کو ہٹانے میں ناکامی کو جواز بنایا گیا تھا۔ اُس کے بعد سے ٹک ٹاک انتظامیہ اور پی ٹی اے کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئی جن میں اِس ایپ کو پاکستان میں بحال کرنے اور اُس کو دائرہ کار میں لانے پر غور کیا گیا۔