بڑھتی مہنگائی کے خلاف فنکار برادری ہم آواز

اداکار ایوب کھوسہ احتجاج ریکارڈ کروانے کے لیے سائیکل پر باہر نکل آئے، عدنان صدیقی کی وزیراعظم سے گزارش۔

پاکستان میں گزشتہ دنوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ایندھن کے نرخ ملکی تاریخ کے بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

اس اضافے سے اشیائے خور و نوش سمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی، عوام کے ساتھ ساتھ فنکاروں نے بھی صدائے احتجاج بلند کی اور حکومت کو قیمتیں کم کرنے کی دہائی دی۔

معروف اداکار ایوب کھوسہ نے پئٹرول کی قیمتوں میں اضافے سمیت مہنگائی کے خلاف خاموش احتجاج کیا، انہوں نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج کراچی میں سائیکل چلائی۔

ایوب کھوسہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اکثریت غریب لوگوں پر مشتمل ہے جو مشکل ترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں، ملک کے غریب شہریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیئے خاموش احتجاج کر رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیے

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان

مہنگائی کے خلاف اپوزیشن سڑکوں پر، وزیراعظم سمیت اعلیٰ قیادت غیرملکی یاترا پر  

دوسری طرف معروف اداکار عدنان صدیقی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا سہارا لیتے ہوئے مہنگے پیٹرول کے خلاف احتجاج کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جس کی وجہ سے کچن کا بجٹ ہیجان کا شکار ہو رہا ہے۔

عدنان صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹویٹ میں ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ اب تک بہت بہتر کام کر رہے ہیں، چھوٹی سی گزارش ہے کہ متوسط طبقے کا خاص خیال رکھیں جو کہ مسلسل مہنگائی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

عدنان صدیقی نے وزیراعظم کو مخاطب کر کے جو سطور تحریر کیں اس وقت یہ پورے ملک کی آواز ہیں، پیٹرول قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوچکی ہے۔

عدنان کی اس پوسٹ پر کئی ٹوئٹر صارفین نے ردعمل دیا۔ پی ٹی آئی کے حمایتی افراد نے تو یہ ماننے سے ہی انکار کردیا کہ مہنگائی کوئی مسئلہ ہے۔

 

متعلقہ تحاریر