25 دن بعد بیٹے کی ضمانت، شاہ رخ خان کی نئی تصاویر وائرل

اپنے وکلاء کے ساتھ جاری نئی تصاویر میں کنگ خان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو واضح طور پر دیکھے جاسکتے تھے۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان  کے بیٹے کی  کروز شپ منشیات  کیس میں 25 روز بعد ضمانت منظور ہونے کے بعد پر سکون اور خوش نظر آئے ہیں، اپنے وکلاء کے ساتھ جاری نئی تصاویر میں کنگ خان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو واضح طور پر دیکھے جاسکتے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت منظور ہونے کے بعد وکلا کی ٹیم کے ساتھ تصویر منظر عام پر آگئی ، تین  ہفتے قبل ممبئی کے کروز شپ پر بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے چھاپے  کے دوران گرفتار ہونے والے بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے 23سالہ بیٹے آریان خان کا جیل میں قیام بالآخر ختم  ہوا بمبئی ہائیکورٹ نے منشیات کیس میں آریان سمیت 3 ملزمان کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی ہے جس کے بعد کنگ خان نے سکون کا سانس لیا اور ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے۔

یہ بھی پڑھیے

بھارتی عدالتوں کا آریان خان سے عادی مجرمان جیسا سلوک

ممبئی کروز شپ ڈرگز کیس: اننیا پانڈے بھی تفتیش کے لئے طلب

آریان خان کے وکیل اور سابق اٹارنی جنرل موکل روہتگی کا کہنا ہے کہ ممبئی  ہائی کورٹ سے آریان کی ضمانت کے بعد جب وہ شاہ رخ خان سے ملے تو کنگ خان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔وکیل موکل روہتگی نے بتایا کہ آریان کی ضمانت کی خبر سن کر شاہ رخ خان پرسکون نظر آئے، انھوں نے بتایا کہ شاہ رخ اپنے بیٹے کی گرفتاری کے  حوالے سے بہت پریشان تھے کیس سے متعلق خود نوٹس بناتے تھے اور پھر وکلاء کی ٹیم کے ساتھ ان پر بحث کرتے تھے۔

اگرچہ آریان خان اور کیس میں شامل دیگر افراد ارباز مرچنٹ اور منمن دھامیچا کو جمعرات کے روز ضمانت مل گئی ہے تاہم یہ تینوں عدالت کا تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد ہی جیل سے باہر آسکیں گے اور ہوسکتا ہے کہ تینوں آج یا ہفتے کے روز جیل سے باہر آئیں۔

آریان خان کی گرفتاری کے بعد سے یہ شاہ رخ خان کی  خاص طورپر شیئر کی گئی پہلی تصاویر ہیں جو منظرعام پر آئی ہیں اور ان میں شاہ رخ خان کے چہرے پر مسکراہٹ واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے، تصاویر میں ان کے وکلا ءپر مشتمل قانونی ٹیم  کے تمام اراکین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی سے گووا جانے والے بحری جہاز پر چھاپہ مار کرحراست میں لیا تھا بعد ازاں 3 اکتوبر کو پوچھ تاچھ کے بعد آریان خان کو گرفتار کرلیاگیا۔ اور تقریباً 26 دن جیل میں گزارنے کے بعد آریان خان کو گزشتہ روز 28 اکتوبر کو بومبے ہائی کورٹ نے ضمانت دے دی۔

متعلقہ تحاریر