دھوکہ دہی کا الزام: شلپا شیٹھی اور راج کندرا کے خلاف ایف آئی آر درج

یاد رہے کہ اداکارہ کے شوہر کو رواں سال پولیس نے فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جو آج کل ضمانت پر ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک کاروباری شخص کی شکایت پر بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر راج کندرا کے خلاف ایک فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی گئی ہے، دونوں ملزمان پر ایک کروڑ 51 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام ہے۔

ایف آئی آر ہفتہ کے روز ممبئی کے باندرا پولیس اسٹیشن میں تاجر نتن بارائی کی شکایت پر درج کی گئی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ جولائی 2014 میں ایس ایف ایل (SFL) فٹنس کمپنی کے ڈائریکٹر کاشف خان نے شلپا شیٹھی ، راج کندرا نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر منافع کمانے کے لیے ان سے انٹرپرائز میں 1.51 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کو کہا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ماڈل اداکارہ متھیرا کی نئی تصویر کے سوشل میڈیا پر چرچے

اداکارہ حریم فاروق کا شائقین کو فلم "کھیل کھیل میں” دیکھنے کا مشورہ

انڈین میڈیا کے مطابق شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ اسے یقین دلایا گیا تھا کہ ایس ایف ایل فٹنس کمپنی اسے فرنچائز فراہم کرے گی جس کے بعد ایک جم اور سپا کھولا جائے گا مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

ایف آئی آر میں درج کیا گیا ہے کہ پیسے کے مطالبے پر تاجر نتن بارائی کو مبینہ پر دھمکیاں دی گئیں۔

شکایت کی بنیاد پر، باندرہ پولیس نے تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی، جس میں 420 (دھوکہ دہی)، 120-B (مجرمانہ سازش)، 506 (مجرمانہ دھمکی) اور 34 (مشترکہ ارادہ) شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

’شلپا شیٹھی حیران‘

دوسری جانب اداکارہ شلپا شیٹھی نے اپنے اور اپنے  شوہر راج کندرا کے خلاف درج تازہ ترین ایف آئی آر پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور سوشل میڈیا پر ایک نوٹ شیئر کیا ہے۔

شلپا شیٹھی نے اپنے انسٹاگرام اور ٹویٹر اکاؤنٹس پر یہ واضح کیا کہ وہ اور راج کندرا مذکورہ کیس میں ملوث نہیں تھے اور یہ کہ ان کے نام اور ساکھ کو نقصان پہنچا ہے جس کا انہیں شدید ’درد‘ ہے۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ راج کندرا اور میرا نام ایف آئی آر میں آنے پر مجھے شدید حیرانگی ہے۔ کاشف خان ایس ایف ایل کو چلا رہے ہیں اور انہوں نے ہی ایس ایف ایل برانڈ کے حقوق لیے تھے۔

شلپا شیٹھی کا کہنا ہے کہ "تمام سودے بازی کاشف خان کے ذریعے ہورہی تھی اور وہی بینکنگ اور روزمرہ کے معاملات دیکھ رہے تھے۔ ہم کسی لین دین میں ملوث نہیں تھے ہم ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا تھا۔ کمپنی 2014 میں بند ہو گئی تھی۔ فرنچائز نے تمام ڈیلز کاشف خان کے ساتھ کی تھیں۔”

اداکارہ نے لکھا ہے کہ "میں نے پچھلے 28 سالوں میں بہت محنت کی ہے اور مجھے یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ میرے نام اور ساکھ کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور کسی قدر گھٹیا طریقے سے آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے۔ ہندوستان میں قانون کی پاسداری کرنے والے قابل فخر شہری کے طور پر میرے حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔”

واضح رہے کہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کو رواں سال فحش فلمیں بنانے کے الزام میں ممبئی پولیس نے گرفتار کیا تھا جبکہ عدالت نے ستمبر میں انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر