امیتابھ بچن پاک بھارت امن کے خواہاں

بالی ووڈ میں اداکاری کے بھگوان نے کالم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اور اتحاد کے فروغ کی بات کی۔

امیتابھ بچن نے ممبئی میں تاج ہوٹل پر حملے کے 13 برس مکمل ہونے پر ایک کالم لکھا۔ انہوں نے لکھا کہ کس طرح بھارتی حکومت نے حد درجہ دباؤ کے باوجود پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی نہ کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب حملہ ہوجانے کے بعد ہمیں نئی کہانیاں لکھنے کی ضرورت ہے اور خوف کی وجہ سے ہمیں خود کو تبدیل نہیں کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

علی ظفر کا ویرات کوہلی کے لیے محبت بھرا سندیسہ

مخالف ٹیم کے لیے جشن منانا خلافِ قانون کیسے ہوگیا؟ سابق ٹینس اسٹار

انڈین ایکسپریس کے لیے لکھے گئے کالم میں امیتابھ نے ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے پاکستانی کھلاڑی محمد رضوان کو گلے سے لگانے کے اثرات کو تحریر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہماری بیان کی گئی کئی کہانیاں ہم سے بھی بڑی ہوجاتی ہیں اور وہ سرحدوں کو پار کرکے پہنچ جاتی ہیں، کبھی کرکٹ پر سواری کرکے تو کبھی فلم کے ذریعے’۔

امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ‘کبھی یہ کہانیاں اس معانقے کی گرم جوشی میں پنپتی ہیں جو کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے پاکستانی محمد رضوان اور بابر اعظم کو دی، جس کی ویڈیو وائرل ہوئی’۔

انہوں نے سلمان خان کی فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ سمیت فلم کے اثر کا بھی ذکر کیا۔ ‘کبھی یہ کہانیاں باکس آفس کے ریکارڈ توڑ کر خوب خوشی مناتی ہیں، بھارت اور پاکستان دونوں ممالک میں، جیسے سلمان خان کی 2015 کی فلم بجرنگی بھائی جان جس میں سرحد کے پار محبت اور ہمدردی کا سبق ملتا ہے، ایک بھارتی شہری کی کہانی جس نے ایک پاکستانی بچی کو اپنے خاندان سے دوبارہ ملنے میں مدد دی’۔

بھارت کے فلمی بھگوان امیتابھ بچن کی جانب سے دونوں ممالک میں باہمی اتحاد کے فروغ کے لیے لکھے گئے کالم کو پاکستان میں بھی بہت عزت کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ امیتابھ بچن سے متفق ہوں، آرٹ اور سنیما دو اقوام کے تنازعات کی وجہ سے آنے والی خلیج کے لیے پُل کا کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ خوبصورتی یہی ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود جڑے رہا جائے۔

متعلقہ تحاریر