فلم "دل والے دلہنیا لے جائیں گے” کی سلور جوبلی

مہندی لگا کے رکھنا گا گا کر ایک نسل جوان ہو چکی ہے مگر یہ گانا آج بھی مہندی کی تقریبات کا لازمی جُزو ہے

بالی وڈ کی مقبول ترین فلموں میں شامل فلم ”دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ کے 25 سال مکمل ہونے پر اِس فلم کے ہیرو شاہ رخ خان اور اور ہیروئن کاجل کے مجسمے لندن میں نصب کیے جائیں گے۔

فلم کے 25 سال مکمل ہونے پر شاہ رخ خان نے ٹوئٹ کیا ہے کہ آج فلم کو 25 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ فلم 20 اکتوبر1995 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے بالی وڈ فلم انڈسٹری کی پرانی روایات کو توڑا تھا۔ یہ فلم  2 دہائیوں سے بھارتی سنیما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔

فلم "دل والے دلہنیا لے جائیں گے” 1995 کی بلاک بسٹر فلم رہی جو 4 کروڑ انڈین روپے کی لاگت سے تیار کی گئی جس نے 25 سالوں کے دوران 524 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

 فلم میں شاہ رخ خان اورکاجول نے ہیرو ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے جس میں دونوں این آر آئی ایک یورپ ٹرپ پر ملتے ہیں۔  ایک انٹرویو میں کاجول کا کہنا تھا کہ اس فلم میں سمرن کا کردار تھوڑا بورنگ اور اولڈ فیشن لڑکی کا تھا لیکن دل کو بھانے والا بھی تھا۔ اس کے علاوہ شاہ رخ خان کو اس فلم کے بعد ” کنگ آف رومانس” کا خطاب بھی ملا۔

اس فلم کے میوزک نے دہائیوں تک مداحوں کو اپنا اسیر بنائے رکھا۔ اس فلم کے سارے گانے ہی ایک سے بڑھ کر ایک ہٹ رہے۔  لیکن "مہندی لگا کے رکھنا ڈولی سجا کے رکھنا” مداحوں کو زیادہ ہی پسند ہے۔ انڈیا ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی مہندی کی تقریبات میں اس گانے کا بجنا لازمی جز ہوتا ہے۔

سلور جوبلی کے موقع پر لندن کے لیزسٹراسکوائر پر شاہ رخ خان اور کاجول کے کانسی سے تیار کردہ مجسمے نصب کیے جائیں گے۔ لیزسٹر سکوائر میں شوٹ ہونے والے فلمی مناظر کی مناسبت سے مجسمے اس کی منظر کشی کریں گے۔  سالگرہ کے موقع پر ان مجسموں کی تقریب رونمائی بھی کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر