صنم چوہدری نے شوبز انڈسٹری کیوں چھوڑی ؟
میں نے کامیابی حاصل کرنے کے لیے محنت کی مجھے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی مِلا لیکن سکون نہیں مل سکا

اپنی بہترین اداکاری کے باعث مختصر وقت میں کامیابیوں کی بلندیوں تک پہنچنے والی اداکارہ صنم چوہدری نے شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے جو کچھ بھی اللہ سے مانگا مجھے عطا کیا گیا لیکن میں یہ نہیں جانتی تھی کہ مجھے مرنا بھی ہے۔
صنم چوہدری نے سوشل میڈیا کے معروف پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خصوصی طور پر لائیو سیشن کیا جس میں انہوں نے شوبز چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اداکاری میں نے کامیابی حاصل کرنے کے لیے دِن رات محنت کی اور کامیاب بھی ہوئی، مجھے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی مِلا، زندگی بالکل زبردست تھی اور ا س سے بھرپور اندازمیں لطف اندوز ہورہی تھی ۔
یہ بھی پڑھیے
جادوئی حسن والی ثنا فخر کی نئی فلم جلد ریلیز ہوگی
زرنش خان اور میکال ذوالفقار کی ایک ساتھ تصاویر، کیا چل رہا ہے؟
صنم چوہدری نے جذباتی انداز میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں جو مانگتی تھی وہ اللہ مجھے دے دیتا تھا، مجھے شادی کرنی تھی، اللہ تعالیٰ نے کروادی، اولاد عطا کی مجھے ہر چیز سے نوازا۔سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ایک بات جو میرے دل سے نکل رہی ہے وہ یہ کہ اصل میں مجھے پتہ نہیں تھا کہ مرنا بھی ہے، یہ وہ وقت تھا جب مجھے احساس ہوا کہ کہیں میں بطور اداکارہ دنیا کو خوش کرنے کے لیے اپنے رب کو ناراض تو نہیں کر رہی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے پاس سب کچھ تھا عزت بھی شہرت بھی اور دولت بھی لیکن پھر بھی کچھ کمی لگتی تھی، بعد میں احساس ہوا کہ میرے پاس سکون نہیں تھا، ہر طرف ایک دوڑ لگی ہوئی تھی، سمجھ نہیں آتا تھا کہ اس کا اختتام کیا ہوگا۔
انھوں نے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ زندگی میں سکون کی کمی سے مجھے لگا تھا شاید کام نہ کرنے کی وجہ سے ایسا ہے، میں نے بیٹے کی پیدائش کے بعد اپنا وزن کم کیا اور تمام پروڈکشن ہاؤسز سے رابطے کیے اور انہیں وقت دے دیا کہ اس ماہ میں کام کا آغاز کروں گی۔انہوں نے کہا کہ ایک دن میں نے خود سے سوال کیا تو احساس ہوا کہ آخر زندگی میں مجھے چاہیے کیا؟ سب کچھ ہونے کے باوجود مزید کس چیز کی خواہش ہے؟ میں نے اپنی تمام تر توجہ قرآن کی طرف لگائی، اسے پڑھنا شروع کیا اور تفسیر پڑھی جس نے میری زندگی بدل دی۔
واضح رہے کہ صنم چوہدری نے رواں برس اگست میں انسٹاگرام سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی تھیں، بعدازاں انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔









