پاکستان کے پہلے نیشنل انٹرٹینمنٹ ایوارڈ کا اعلان
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے ایک مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کیا جس میں کراچی آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور اور شہیرا شاہد بھی شامل تھیں۔
اس موقع پر وفاقی حکومت، کراچی آرٹس کونسل اور پی ٹی وی کے درمیان نیشنل انٹرٹینمنٹ ایوارڈ منعقد کرانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستانی نژاد خاتون نے فرانس کا دوسرا سب سے بڑا ایوارڈ حاصل کرلیا
ایوارڈ شوز میں فنکاروں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا جاتا ہے، شگفتہ اعجاز
فواد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بہترین کارکردگی دکھانے والے والے افراد کو یہ ایوارڈز دئیے جائیں گے جن کی مالیت 25 کروڑ روپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فلمیں، ڈرامے اور موسیقی تباہ ہوگئی ہے، پی ٹی وی میں فلم ڈیویژنز بنائے گئے ہیں اور ظہیر الدین بابر، علامہ اقبال اور ٹیپو سلطان پر فلمیں بنائی جارہی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوانوں کو بہترین مواقع ملیں گے، اس کے ذریعے ہمارے فنکاروں کو ملازمت کے مواقع ملیں گے اور قوم کو بہترین تفریح فراہم کی جائے گی جس کے ساتھ ہی ہم اپنی ثقافت اور تاریخ کو دوبارہ زندہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت قوم ہم اپنی ثقافت، ادب اور فلم کو مضبوط کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے قومی سطح پر آرٹس کونسل کی خدمات کو سراہنے پر فواد چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کئی ٹی وی چینلز اور اداروں نے اپنے ایوارڈز ترتیب دئیے ہیں لیکن آج جو معاہدہ ہوا ہے یہ قومی سطح کا ایوارڈ ہے جو کہ گلگت بلتستان سے لے کر گوادر تک پاکستان کی تمام زبانوں اور ثقافتوں کو اجاگر کرے گا۔
احمد شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی آرٹس کونسل نے عالمی اردو کانفرنس کی بنیاد رکھی، پچھلے 14 سال سے مسلسل یہ کانفرنسز کراچی میں منعقد ہورہی ہیں لیکن اب فواد چوہدری نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ 15 ویں عالمی اردو کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جائے۔









