مشہور امریکی راک گلوکار میٹ لوف انتقال کرگئے
آنجہانی گلوکار نے گریمی ایوارڈ جیتا، پہلی البم کی ایک کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں، آخری البم 2016 میں جاری کی۔
لیجنڈی گلوکار میٹ لوف (MeatLoaf) 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، گریمی ایوارڈ جیتنے والے مارون لی ایڈے کا گزشتہ شب انتقال ہوا۔
ان کے آفیشل فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ہم شکستہ دل کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ میٹ لوف آج رات انتقال کرگئے ہیں، ان کی اہلیہ ڈیبوراہ ان کے ہمراہ تھیں، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ان کی بیٹیاں بھی ان کے ساتھ تھیں۔
میٹ لوف کا یہ نام ان کے فٹبال کوچ نے محبت میں رکھا تھا جسے انہوں نے اسٹیج کیلیے اپنا لیا، وہ 1974 میں ڈیلاس میں پیدا ہوئے۔
ان کے میوزک کیریئر کا آغاز 1960 کی دہائی میں ہوا جب انہوں نے اپنا پہلا بینڈ میٹ لوف سول (soul) بنایا، ان کی ڈیبیو البم 1977 میں Bat Out of Hell کے عنوان سے جاری ہوئی جو کہ امریکی تاریخ کی 35 سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البمز میں شامل ہے، اس البم کی ایک کروڑ 40 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔
بعد ازاں گلوکار نے اسی نام سے دو نئے البم ریلیز کیے، Bat Out of Hell 2 اور Bat Out of Hell 3 جو کہ بالترتیب 1993 اور 2006 میں جاری کی گئیں۔
سنہ 1994 میں میٹ لوف نے اپنے گانے I’d do anything for love کیلیے بہترین راک گلوکار کا گریمی ایوارڈ حاصل کیا۔
میٹ لوف اپنی جاندار آواز اور اداکاری کی وجہ سے مشہور تھے، انہوں نے 12 البمز ریلیز کیں جس میں آخری البم 2016 کو جاری کی گئی۔
گلوکار نے 6 دہائیوں طویل کیریئر میں درجنوں فلموں میں اداکاری کی، سب سے زیادہ مقبول کردار 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم The Rocky Horror Picture میں نبھایا۔