پولینڈ کی کیرولینا بیلاوسکی دنیا کی حسین ترین خاتون قرار

23 سالہ کیرولینا بیلاوسکی کو مس ورلڈ کا تاج پہنایا گیا، انہوں نے انڈونیشیا، میکسیکو، آئرلینڈ، امریکہ اور آئیوری کوسٹ کی خواتین کو مات دی۔

پورٹو ریکو کے دارالحکومت سین ہوان میں منعقد ہونے والی جگمگاتی تقریب میں مس ورلڈ 2021 کو تاج پہنایا گیا۔ پولینڈ کی کیرولینا بیلاوسکا سال 2021 کی مس ورلڈ قرار پائیں اور انہوں نے امریکہ اور آئیوری کوسٹ کی ماڈلز کو مات دے دی۔

اس مقابلہ حسن میں باقی امیدوار خواتین میں انڈونیشیا، میکسیکو اور شمالی آئرلینڈ کی خواتین بھی شامل تھیں۔

23 سالہ مس ورلڈ بیلاوسکا نے اپنا ماڈلنگ کیریئر 14 سال کی عمر میں شروع کیا اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔

انہوں نے کم عمری میں ہی دنیا کی کئی بڑی ماڈلنگ ایجنسیز کے ساتھ معاہدے کیے اور پولینڈ سمیت دنیا کے کئی ممالک کے فیشن شوز میں حصہ لیا۔

ماڈلنگ کے علاوہ بیلاوسکا نے مینجمنٹ میں بیچلرز کی ڈگری لے رکھی ہے اور اس وقت بزنس میں ماسٹرز کر رہی ہیں۔

مقابلہ حسن کے دوران انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ٹی وی میزبان اور اداکار بننا چاہتی ہیں۔

آسٹریلیا کی مارگٹ رابی بیلاوسکا کی پسندیدہ اداکارہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بہت بار سنا ہے کہ میں ان کے جیسی نظر آتی ہوں تو میں چاہتی ہوں کہ مارگٹ خود مجھے دیکھیں کہ کیا میں واقعی ان کے جیسی لگتی ہوں یا نہیں۔

کیرولینا بیلاوسکا نے دنیا کی 70 ویں مس ورلڈ کا تاج پہنا ہے اور وہ پولینڈ کی دوسری خاتون ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ہے۔

متعلقہ تحاریر