برطانوی نژاد پاکستانی فنکار رز احمد نے آسکر ایوارڈ جیت لیا
رِز احمد کو لائیو ایکشن مختصر فلم میں عمدہ اداکاری پر ایوارڈ دیا گیا، پچھلے برس بھی نامزد ہوئے تھے، آسکر جیتنے والے پہلے ایشیائی فنکار بن گئے۔

برطانوی نژاد پاکستانی اداکار اور موسیقار رِز احمد نے اپنے کیریئر کا پہلا آسکر ایوارڈ جیت لیا ہے، یہ ایوارڈ انہیں مختصر ایکشن فلم The Long Goodbye میں عمدہ اداکاری پر دیا گیا ہے۔
فلم The Long Goodbye میں رِز احمد نے اداکاری کے ساتھ ساتھ اسکرپٹ بھی لکھی ہے۔
پچھلے سال بھی رِز کو Sound of Metal نامی فلم میں سماعت سے محروم ڈرم بجانے والے موسیقار کا کردار ادا کرنے پر بہترین اداکاری کے ایوارڈ کیلیے نامزد کیا گیا تھا۔
لیکن 2021 میں بہترین اداکاری کا آسکر ایوارڈ انتھونی ہاپکنز نے جیتا تھا۔
فلم The Long Goodbye میں رِز احمد کی میوزک البم سے کچھ موسیقی شامل کی گئی ہے۔
ان کی میوزک البم کا نام بھی The Long Goodbye ہے جس میں ان کی برطانوی نژاد پاکستانی فنکار کی شناخت کی منظرکشی کی گئی ہے۔
فلم میں ایک جنوبی ایشیائی فیملی کو دکھایا گیا ہے جو کہ لندن کے پوش علاقے میں رہتی ہے اور کسی جشن کی تیاری میں مصروف ہے۔
جشن کی تیاری کے دوران ہی ٹی وی پر خبر چلتی ہے کہ سفید انگریز نسل پرستوں کے جتھے دیگر قومیت کے افراد پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔
آسکر ایوارڈز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایشیائی فنکار نے لائیو ایکشن مختصر فلم کیٹگری میں ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔









