اسکوئیڈ گیم کے مداحوں کو سیزن 2 کیلیے مزید کتنا انتظار کرنا ہوگا؟
امید ہے کہ 2024 کے آخر تک اسکوئیڈ گیم کا سیزن 2 شائقین کیلیے پیش کرسکوں گا، تخلیق کار ہوانگ ڈونگ ہیوک

اسکوئیڈ گیم کے شائقین کو دوسرے سیزن کیلیے طویل انتظار کرنا ہوگا۔ویب سیریز کے تخلیق کار ہوانگ ڈونگ ہیوک نے تاحال فلم کا اسکرپٹ بھی مکمل نہیں کیا ہے۔
جنوبی فرانس کے شہر کینز میں ایم آئی پی ٹی وی فیسٹیول میں گفتگو کرتے ہوئے ہوانگ ڈونگ ہیوک نے کہا کہ مجھے سیزن ٹو پر کام کرنا ہے، امید ہے کہ میں اسے 2024 کے آخر تک شائقین کیلیے پیش کرسکوں گا ۔
یہ بھی پڑھیے
میرے شوہر سے زیادہ نیچرل اداکاری کوئی نہیں کرسکتا، حرا مانی کا دعویٰ
جیتوپاکستان میں،شائستہ لودھی گرگئیں، اعجاز اسلم کا پاجامہ پھٹ گیا
ایک دن قبل انہوں نے پُرتشدد میگا ہٹ کے فالو اپ کے لیے اسکرپٹ کے صرف 3 صفحات لکھنے کا اعتراف کیا تھا۔
اسکوئیڈ گیم میں معاشرے کے پسماندہ حصوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو پیسے کے لیے جنوبی کوریا کے بچوں کے روایتی کھیلوں میں حصہ لینے کا موقع ملتا ہے جس میں ہارنے والوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔
نیٹ فلکس نے اکتوبر میں دعویٰ کیا تھا کہ 142 ملین سبسکرائبرز نے اسکوئیڈ گیم کا پہلا سیزن دیکھا ہے جبکہ اس کے دو تہائی صارفین نے دوسرا سیزن جاری کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔
ہوانگ ڈونگ ہیوک نے اسکوئیڈ گیم کو 2009 میں ایک فیچر فلم کے طور پر لکھا تھاتاہم 2016 میں نیٹ فلکس کی جنوبی کوریا میں لانچنگ کے بعدوہ اسے ویب سیریز کی شکل میں بنانے پر آمادہ ہوئےتھےانہوں نے کہا کہ سات ماہ تک اسکرپٹ پر دوبارہ کام کرنا خوشگوار نہیں تھا، وہ جہنم تھا، شاید سیزن دو میری آخری سیریز ہو ۔
ہوانگ ایک ایسی فلم پر بھی کام کر رہے ہیں جو ان کی مقبول ترین ویب سیریز سے زیادہ مختلف نظر نہیں آتی۔”کے او کلب“بوڑھے لوگوں کوقتل کرنے کے موضوع پر بنی ایک فلم ہے جو اطالوی مصنف امبرٹو ایکو کی کتاب پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکوئیڈ گیم سے بھی زیادہ پرتشدد ہے۔ اس فلم کی ریلیز کے بعد مجھے بزرگو ں سے دور رہنا پڑے گا۔









