شعیب منصور کی نئی فلم کے لیے ہیرو اور ہیروئن کا فیصلہ

اداکار عماد عرفانی اورمایا علی شعیب منصور کی اگلی فلم میں کاسٹ کرلئے گئے

پاکستان کے چوٹی کے ہدایتکار شعیب منصورنے اپنی اگلی فلم کی تیاری شروع کردی ہے اور فلم کے ہیرو کے طور پر اداکار عماد عرفانی اور ہیروئن کے لیے اداکارہ مایا علی کومنتخب کر لیا ہے۔

عماد عرفانی نے ایکسپریس ٹریبیون سےبات کرتے ہوئے کہا کہ شعیب منصورکےساتھ کام کرنےکا موقع ملنا اُن کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ مایاعلی ایک بہت اچھی اداکارہ ہیں اور اُنہیں یقین ہے کہ وہ شعیب منصور کی کپتانی میں ایک اچھی ٹیم بناسکیں گے۔

مایا علی نےویب سائٹ گلیکسی لالی ووڈ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کوخوش قمست تصور کرتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا ”مجھے شعیب صاحب کی کال آئی اورجواگلی بات میں جانتی تھی وہ یہ تھی کہ میں یہ کردار ادا کررہی ہوں۔ یہ احساس ناقابل بیان ہے۔‘‘

اداکارہ نے نئی فلم میں اپنے کردارکے حوالےسےتفصیلات تو نہیں بتائیں تاہم یہ کہا کہ ایسا کردار انہوں نے پہلے کبھی نہیں کیا۔

مایا علی کی یہ تیسری فلم ہوگی جبکہ عماد عرفانی نے اب تک کسی فلم میں مرکزی کردار ادا نہیں کیا۔

یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ دونوں اداکار کسی پروجیکٹ میں ایک ساتھ کام کریں گے۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز دسمبرمیں متوقع ہے لیکن فلم کا نام اور دیگر تفصیلات اب تک سامنےنہیں آئی ہیں۔

شعیب منصور پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے چوٹی کے ہدایتکاروں میں شامل ہیں۔ انہوں نے ماضی کےمشہور ڈرامے ’الفا براوو چارلی‘ کی ہدایتکاری کی تھی جبکہ انکی فلمیں ‘خدا کے لیے’ ، ‘بول’ اور ‘ورنہ’ مقبولیت کےجھنڈے گاڑ چکی ہیں۔

متعلقہ تحاریر