امیتابھ بچن کا مذاق اڑانے والوں کو پروقار انداز میں جواب

لیجنڈ اداکار نے اتوار کو دن چڑھے صبح بخیر کا پیغام لکھا تو کئی سوشل میڈیا صارفین نے ان کا مذاق اڑایا اور بدتمیزی کی۔

امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پر اتوار کو دن چڑھے صبح بخیر لکھا تو درجنوں افراد نے ان کا مذاق اڑایا اور ان سے بدتمیزی کی، امیتابھ بچن نے مذاق اڑانے والوں کو بھی پروقار انداز میں جواب دیا۔

فیس بک پر میگا اسٹار امیتابھ بچن نے لکھا کہ آپ سب کو صبح بخیر، اس وقت صبح کے ساڑھے 11 بج رہے تھے۔

اسی بات پر ان کے مداحوں نے مذاق بنانا شروع کیا، مہذب اور شائستہ مزاح سے شروع ہوتے ہوتے بات بدتمیزی تک چلی گئی۔

ایک صارف نے طنز میں لکھا کہ آپ نہیں سمجھتے کہ آپ نے بہت جلدی ہی صبح بخیر کہہ دیا؟

امیتابھ بچن نے جواب دیا کہ میں اس طعنے پر آپ کا ممنون ہوں، رات بھر کام کر رہا تھا اور دیر سے سو کر اٹھا تو صبح بخیر کہہ دیا، معذرت خواہ ہوں اگر آپ کو تکلیف ہوئی۔

ایک صارف نے بدتمیزی کرتے ہوئے کہا ابے بڈھے دوپہر ہوگئی ہے، اس پر امیتابھ نے جواب دیا کہ میں بھگوان سے دعا کرتا ہوں کہ جب آپ بڑے ہوں تو کوئی آپ کی اس طرح بےعزتی نہ کرے۔

کچھ فیس بک صارفین نے صرف مذاق نہیں بنایا بلکہ پٹڑی سے ہی اتر گئے، ایک شخص نے کہا کہ آپ نے یقیناً پچھلی رات پورے ملک کی شراب پی لی ہوگی۔

امیتابھ نے کہا میں نہیں پیتا ہوں، دوسروں کو مدھوشالا پلاتا ہوں، مدھوشالا وہ نظم ہے جو امیتابھ کے والد اور مشہور شاعر ہری ونش رائے بچن نے لکھی تھی۔

فلمی محاذ پر امیتابھ بچن کو آخری بار رن وے 34 نامی فلم میں دیکھا گیا۔

ان کے مستقبل کے منصوبوں میں براہمسترا، ایک تامل فلم اور ایک کناڈا فلم بٹرفلائی شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر