بھارتی گلوکار ”کے کے“ کی انتقال سے قبل اسپتال روانگی کی وڈیو وائرل

کے کے کو کولکتہ میں کنسرٹ کے دوران طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا جارہا تھا،راستے میں دم توڑ گئے،53سالہ گلوکار کی آخری پرفارمنس کی وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں،مداح غمزدہ

معروف بھارتی  گلوکار کرشنا کمار کناتھ عرف کے کے کوکلکتہ میں لائیو کنسرٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے 53سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ گلوکار کی انتقال سے قبل اسپتال روانگی کی وڈیو سامنے آگئی۔

 کرشنا کمار کناتھ 22 اگست 1968 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے، متوفی نے پسماندگان میں بیوی اور بچے چھوڑے ہیں۔نامور گلوکار کی ناگہانی موت نے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو غمزدہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

سدھو موسے والا کے قاتل بےنقاب ہوگئے

لتا منگیشکر کا انتقال، میوزک زندہ رہے گا لیکن سُر مر گیا

بالی ووڈ کے نامور پلے بیک سنگر کرشنا کمار کناتھ عرف کے کے  گزشتہ رات کلکتہ کے نذرالمنچھا آڈیٹوریم میں لائیو کنسرٹ کررہے تھے کہ اس  دوران شدید گرمی اور گھٹن کے باعث ان کی طبعیت بگڑی جس پر انہوں نے اپنے منیجر کو بلایا اور  کنسرٹ چھوڑ کر اسپتال روانہ ہوگئے تاہم  وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہارگئے اور اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

سوشل میڈیا پر”کے کے  “  کی طبیعت بگڑنے کے بعد اسپتال روانگی کی وڈیو ز بھی سامنے آگئیں۔ جن میں انہیں اسٹیج چھوڑ کر آڈیٹوریم سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، وڈیو میں کے کے بگڑی ہوئی حالت میں نظر آرہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانسرٹ کے شرکا نے اپنے بیان میں بتایا کہ کانسرٹ کی جگہ کا اے سی کام نہیں کررہا تھا جس کے باعث کے کے گھبراہٹ کا شکار ہوئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک وڈیو میں کے کے کو پرفارمنس کے دوران نذرالمنچھا آڈیٹیوریم کا اے سی خراب ہونے کی شکایت کرتے ہوئے پسینہ پوچھتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے آڈیٹوریم کی انتظامیہ کی غفلت کو کے کے کی موت کا ذمے دار قرار دیدیا۔

سوشل میڈیا پر کے کے  آخری کنسرٹ کی وڈیوز بھی وائرل ہورہی ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کے مطابق کے کے نے کنسرٹ  کے آخری گیت کے طور پر اپنا یادگار الوداعیہ گیت”ہم رہیں یا نہ رہیں کل، کل یاد آئیں گے یہ پل “گایا تھا۔

کرشنا کمار کناتھ نے اپنے کیریئر کا آغاز 1996 میں کیا تھا اور گولڈن ٹیمپل میں ہونے والے آپریشن بلیو اسٹار پر بننے والی فلم ماچس کے مشہور زمانہ گیت ”چھوڑ آئے ہم وہ گلیاں“میں وشال بھردواج، ہری ہرن ،سریش واڈکر اور ونود سہگل کے ساتھ کے کے نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا تاہم انہیں اصل شہرت 1999 میں سلمان خان کی فلم ہم دل دے چکے صنم کے” گیت  تڑپ تڑپ کے اس دل سے آہ نکلتی رہی“  سے ملی اور اس کے بعد کے کے نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

کرشنا کمار نے اپنے گانوں کی پہلی البم”پال“ 1999 میں ریلیز کی تھی، گلوکار کے مشہور گانوں میں”دل عبادت، توہی میری شب ہے، سن ذرا، تڑپ تڑپ کے اس دل سے آہ نکلتی رہی، دس بہانے کرکے لے گئے دل،آنکھوں میں تیری عجب سی عجب سی ادائیں ہیں، تونے ماری انٹریاں اور سجدے“ سمیت متعدد گانے شامل ہیں جنہیں بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملی۔

کرشنا کمار کے گائے ہوئے لاتعداد گیت شاہ رخ خان،سلمان خان او رعمران ہاشمی  پر فلمائے گئے خصوصاً عمران ہاشمی  پران کی آواز بے پناہ جچتی تھی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، اداکار اکشے کمار،اجے دیوگن، کرینہ کپور، انوشکا شرما، ابھیشک بچن اور دیگر نے کرشنا کمار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گلوکار اور کمپوزر نے اپنے کیرئیر کے دوران بالی وڈ کے لیے پلے بیک گلوکاری پر توجہ مرکوز رکھی اور  ہندی سمیت تامل، تیلگو، کناڈا اور بنگالی زبانوں میں بھارتی فلم انڈسٹری کو متعدد معروف گانے دئیے۔

معروف پلے بیک سنگر کی اچانک موت نے ان کے مداحوں اور ساتھی گلوکاروں کو افسردہ کردیا۔بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور فن کاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر کے کے انتقال پر تعزیتی پیغامات جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ تحاریر