سجل علی کی میتھا میٹکس سے دوستی نہ ہونے کی وجہ کون تھا؟

مجھے لگتا ہے کہ میتھس سے میری دوستی نہ ہونے کی وجہ کافی حد تک میرے استاد تھے کیونکہ مجھے ان کے ساتھ ساتھ میتھس سے بھی ڈر لگنے لگا،اداکارہ کا سماجی تنظیم دوربین کی پروموشنل وڈٰیو میں اظہار خیال

اداکارہ سجل علی نے زندگی میں استاد کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے حساب کے مضمون سے کبھی دوستی نہ ہونے کی  وجہ بتادی۔

گلوکار اور سماجی رہنما شہزاد رائے کی اہلیہ سلمیٰ احمد کی  تعلیم کے شعبے میں خدمات انجام دینے والی غیر سرکاری تنظیم دوربین  کے بی ایڈ پروگرام میں داخلوں کے حوالے آخری اعلان کے طور بنائی گئی وڈیو میں سجل علی نے زندگی میں استاد کی اہمیت کے بارے میں بتایا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بائیک پر نہیں تو بیوی پر رحم کریں، شہزاد رائے کا عالم یوم آبادی پر پیغام

شاہد آفریدی نے گلوکار شہزاد رائے کو عید پر کونساتحفہ بھجوایا؟

شہزاد رائے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کردہ وڈیو میں اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ  ”دوران طالبعلمی میں بہت ہی جذباتی بچی تھی اور  میتھا میٹکس (حساب) میں بہت کمزور تھی،بدقسمتی سے میری کبھی میتھس سے دوستی نہیں ہوسکی“۔

اداکارہ کہتی ہیں کہ” میری بدقسمتی تھی کہ مجھے زندگی میں میتھس کے جتنے بھی اساتذہ ملے وہ سب بہت سخت تھے،اب جب میں سوچتی ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ میتھس سے میری دوستی نہ ہونے کی وجہ کافی حد تک میرے استاد تھے کیونکہ مجھے ان کے ساتھ ساتھ میتھس سے بھی ڈر لگنے لگا اور مجھے لگتا ہے کہ یہی وجہ تھی کہ اس مضمون میں میری دلچسپی نہیں رہی“۔

اداکارہ نے  کہا کہ” اچھا استاد مل گیا تو لاٹری لگ گئی اور اگر اچھا استاد نہیں ملا تو اسکول اور استاد دونوں سے نفرت ہوگئی“۔اداکارہ نے مزید کہا کہ” مجھے لگتا ہے کہ ہم سب نے بہت نقصان اٹھایا ہے اور اب ہم سب اپنی نسل کو اس لاٹری کے سہارے نہیں چھوڑ سکتے“۔

سجل علی نے بتایا کہ سماجی تنظیم دوربین کا 4 سالہ ٹیچر ٹریننگ پروگرام نوجوان لڑکیوں کیلیے ایک بہترین موقع ہے  ،انہیں نہ صرف عالمی معیار کی بیچلرز ان ایجوکیشن کی ڈگری ملےگی بلکہ این جی او دوربین انہیں کم ازکم  3 سالہ نوکری کی ضمانت بھی دے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام سے فارغ التحصیل لڑکیوں کو بینکر کی ابتدائی تنخواہ کے مساوی تنخواہ ملے گی اور یہ نوکری گریڈ 16 کی سرکاری نوکری میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے، صرف اپلائی کریں اور بہت ہی آسان سا امتحان دیں جو کہ ایک انٹر پاس لڑکی بھی آرام سے دے سکتی ہے اور اگر آپ کا داخلہ گورنمنٹ ایلیمنٹری  کالج آف ایجوکیشن حسین آباد میں ہوگیا تو پھر ساری ذمے داری دوربین کی ہوگی اور آپ کو کسی قسم کے اخراجات نہیں اٹھانے پڑیں گے۔

سجل علی نے نوجوان لڑکیوں سے درخواست کی کہ اس موقع کو ضائع مت ہونے دیں کیونکہ اس سے نہ صرف آپ اپنی زندگی بدل سکتی ہیں بلکہ اپنے ساتھ ساتھ  بہت سی  زندگیوں کو بدل سکتی ہیں۔

متعلقہ تحاریر