بچہ ہونے سے میری پیشہ ورانہ زندگی پر فرق کیوں پڑے گا؟عالیہ بھٹ
عظیم چیزوں کی منصوبہ بندی نہیں کی جاتی وہ بس ہو جاتی ہیں، اپنا کام جاری رکھوں گی اور فضول باتوں پر توجہ دینے کے بجائے مثال بن کر دوسروں کیلیے رہنمائی کاذریعہ بننا پسند کروں گی، اداکارہ کا ناقدین کو جواب

ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بیشتر فیصلوں میں اپنی جبلت پر بھروسہ کرنے پر یقین رکھنے والی اور عنقریب ماں بننے والی اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ ’’آپ عظیم چیزوں کی منصوبہ بندی نہیں کرتے، وہ بس ہو جاتی ہیں ‘‘ ۔
29 سالہ بھٹ نے اپنے ساتھی بالی ووڈ اسٹار 39 سالہ رنبیر کپور کے ساتھ شادی کے دو ماہ بعد جون میں انسٹاگرام پر اپنی زچگی کا اعلان کیا تھا۔ایک طرف جوڑے کیلیے نیک تمناؤں کا سیلاب امڈ آیا تو دوسری جانب شادی کے فوری بعد ماں بننے کا فیصلہ کرنے پر عالیہ بھٹ کو آن لائن ٹرولنگ بھی برداشت کرناپڑی۔
یہ بھی پڑھیے
عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے اتنی جلدی خوشخبری سنادی
ڈیوریکس کی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو مزاحیہ مبارکباد
کیا عالیہ بھٹ واقعی جڑواں بچوں کو جنم دینگی؟رنبیر کا سچ بتانے سے انکار
ادکارہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں پدرشاہانہ معاشرے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ”عورت چاہے زندگی میں کچھ بھی کرے وہ خبروں کی زینت بن جاتی ہے۔ چاہے اس نے ماں بننے کا فیصلہ کیا ہو، وہ کسی نئے دوست کو ڈیٹ کر رہی ہو، کرکٹ میچ کے لیے جا رہی ہو یا چھٹیوں پر، کسی بھی وجہ سے ہمیشہ نظریں خواتین کا ہی تعاقب کرتی ہیں“۔
لندن میں اپنی ہالی ووڈ ڈیبیو فلم”ہارٹ آف اسٹون“ کی شوٹنگ کے دوران اپنے حمل کی خبر شیئر کرنے والی اداکارہ عالیہ بھٹ کو اپنے کیرئیر کے عروج پر زندگی کو بدلنے والا فیصلہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ہائی وے، اڑتا پنجاب، رازی اور حال ہی میں ریلیز ہونے والی گنگوبائی کاٹھیاواڑی جیسی فلموں کے لیے مشہور اداکارہ اس نومبر میں فلموں میں ایک دہائی مکمل کر رہی ہیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید کہا کہ”یقیناً میں جوان ہوں، لیکن اس میں کچھ بھی بدلنے والی کیا بات ہے؟ خاندان یا بچہ ہونے سے میری پیشہ ورانہ زندگی پر فرق کیوں پڑے گا؟ یہ دو بالکل مختلف چیزیں ہیں۔ میں اپنا کام جاری رکھوں گی اور فضول باتوں پر توجہ دینے کے بجائے عملی طور پر مثال بن کر دوسروں کیلیے رہنمائی کاذریعہ بننا پسند کروں گی ‘‘ ۔
اداکارہ نے کہا کہ” اپنے دل کی سننے پر یقین رکھنے والوں کو لوگوں کی رائے پریشان نہیں کرتی،میرے نزدیک، ایسے خیالات رکھنے والے لوگ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ زندگی میں کہاں کھڑے ہیں، میں اپنے بارے میں کوئی دعویٰ نہیں کرتی کہ میں کہاں کھڑی ہوں۔درحقیقت، زندگی میں بہت سے فیصلے جو میں نےکسی سے تعلق میں نہ رہتے ہوئے تنہا کیے ہیں اس وقت ہوئے جب ان کی کم سے کم توقع تھی۔ آپ عظیم چیزوں کی منصوبہ بندی نہیں کرتے، وہ بس ہوجاتی ہیں“۔
اپنے حمل کے بارے میں سوشل میڈیا پر کی جانے والی منفی باتوں کے برخلاف عالیہ بھٹ نے کہا کہ انہیں مختلف پلیٹ فارمز پر بہت سے نامعلوم لوگوں کی حمایت ملی، جس نے انہیں علم ہوا کہ معاشرہ بڑے پیمانے پر ارتقا سے گزررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ”ہم 2022 میں ہیں، لہذا اب لوگ اس پر سوال کر رہے ہیں۔ میں نےاپنے بارے میں کچھ مضامین دیکھے جہاں لوگ تبصرہ کر رہے تھے، آپ کو کیا مسئلہ ہے؟ اسے کرنے دو۔ میں محسوس کرتی ہوں کہ یہ تبدیلی خود بخود آ رہی ہے اور کسی کو واقعی زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے ‘‘۔
اداکارہ عالیہ بھٹ کی پہلی پیشکش فلم”ڈارلنگز“5اگست کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے جارہی ہے۔ ڈارک کامیڈی فلم میں اداکارہ عالیہ بھٹ کے علاوہ شیفالی شاہ،وجے ورما اور روشن میتھیو بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔









