فلم فلاپ ہونے پر اسٹارز کی ادائیگی پر نظرثانی ہونی چاہیے، عالیہ بھٹ
بہت سی مثالیں موجود ہیں کہ اداکاروں نے اپنی فلموں کی ناکامی پر بقایاجات کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ پیسے واپس بھی کیے،اداکارہ
بالی ووڈ سپر اسٹار اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلم فلاپ ہونے کی صورت میں فلمی ستاروں کی ادائیگی پر نظر ثانی کی تجویز پیش کردی۔
اداکارہ نے ایک حالیہ مباحثے میں اپنے کیریئر کے حوالےسے تفصیلی گفتگو کی ہے اور بہت سے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
یہ بھی پڑھیے
دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے نئے ٹریلر نے آنے سے پہلے ہی تہلکہ مچادیا
عروہ حسین نے عتیقہ اوڈھو کو فرشتہ کیوں قرار دیدیا؟
فلموں کے بجٹ اور اداکاروں کی ادائیگیوں میں توازن سے متعلق ایک سوال پر اداکارہ نےتفصیل سے بتایا کہ اگرکسی اسٹار کی فلم ناکام ہوجاتی ہے یا باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کرپاتی تواسے کتنی کمائی ہوتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں اس بات سے اتفاق کرتی ہوں کہ فلم کے بجٹ کے مقابلے میں فلمی ستاروں کی تنخواہوں کو متوازن کیا جانا چاہیے۔ لیکن مجھے کسی کو یہ بتانے کا کوئی حق نہیں کہ اسے کتنے پیسے وصول کرنے چاہئیں کیونکہ میں تو چھوٹی ہوں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ بالی ووڈ میں بہت سی مثالیں موجود ہیں کہ اداکاروں نے یہ جاننے کے بعد کہ ان کی فلموں نے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،اپنی زیرالتوا فیس کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ ایسی مثالیں بھی موجود ہیں کہ ادکاروں نے رقم واپس کردی۔
عالیہ بھٹ نے کہاکہ اگر آپ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کیا ادائیگیوں کے معاملے کا نئے سرے سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے ، تو مجھے یقین ہے کہ تمام پروڈیوسر اسی طرح سوچ رہے ہیں،یہاں تک کہ ایک اداکار کی بھی یہی سوچ ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگرکوئی فلم باکس آفس پر اچھا بزنس نہ کرے تو ہم اداکار کبھی خوش نہیں ہوتے بلکہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوتی ہے تو ہم خفیہ بھی اور سرعام بھی ناچتے ہیں اور خوشی مناتے ہیں کیونکہ یہ ایک ہی بزنس ہے اور یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم ناظرین سے جڑے ہوئے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ادائیگوں پر نظرثانی لازمی ہونی چاہیے۔