پاکستانی فلم "جوائے لینڈ” نے انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا
جوائے لینڈ‘ نے انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن کی کیٹیگری ’بیسٹ فلم فرام دی سب کانٹینینٹ‘ میں بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا
پاکستانی فیچر فلم "جوائے لینڈ” نے بھارتی فلم فیسٹیول میں میدان مارلیا۔فلم’جوائے لینڈ‘ نے انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن کی کیٹیگری ’بیسٹ فلم فرام دی سب کانٹینینٹ‘ میں بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن (آئی ایف ایف ایم )صائم صادق کی "جوائے لینڈ” نے بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا ہے ۔ انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایوارڈز کی تقریب کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستانی فلم” جوائے لینڈ“ کی کینز فلمی میلے میں زبردست پذیرائی
سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام شیئرکی گئی ویڈیوزمیں سے ایک ویڈیو میں ڈائریکٹر صائم صادق اوراداکارہ علینہ خان کو اپنی ٹیم کے ساتھ اسٹیج پراپنا ایوارڈ لینے کے لیے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
معروف پاکستانی اداکاروں ثانیہ سعید، ثروت گیلانی، علینہ خان سلمان پیر، اور بہت سے دوسرے اس ٹریل بلیزنگ فلم میں اداکاری کر رہے ہیں جس نے اس سال کے شروع میں کانز فلم فیسٹیول میں جیوری پرائز بھی جیتا تھا۔
اداکارہ علینہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر کے ساتھ یہ خبر شیئر کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس اعزاز کے لیے شکر گزار ہیں ۔14 اگست کو جوائے لینڈ کو برصغیر کی بہترین فلم کا ایوارڈ دیکر پاکستان کو سالگرہ کا تحفہ دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعی ایک خاص رات تھی جس میں سرحد پار سے بہت سارے فنکاروں کے ساتھ اشتراک کیا گیا تھا جو ہم اور ہماری فلم کی طرف بہت گرمجوشی اور خوش آمدید کہہ رہے تھے۔
جوائے لینڈ ایک جذباتی ڈرامہ فلم ہے جو ایک شادی شدہ شخص کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو ایک ٹرانس جینڈر سے محبت کرتا ہے اور اپنے خاندان کی روایتی تصویر اور اپنی پسند کی زندگی گزارنے کی خواہش کے درمیان پھنس جاتا ہے۔