اداکارہ مریم نفیس نے مقتول جذلان فیصل کے حق میں آواز اٹھادی

رواں سال  مئی میں بحریہ ٹاؤن کراچی  میں معمولی تلخ کلامی پر قتل کیے  گئے طالبعلم جذلان  فیصل کے ورثا تاحال انصاف کے منتظرہیں۔اداکارہ مریم نفیس نے مقتول کے ورثا کو انصاف دلانے کیلیے آواز اٹھادی۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر مقتول کا ایک تخلیاتی پیغام شیئر کیا ہے جس میں وہ اپنے دادا دادی کو انصاف دلانے کی اپیل کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حدیقہ کیانی بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے پیش پیش

یہ کیسا رویہ ہے؟ نومی انصاری ڈی ایچ اے انتظامیہ پر برہم

اداکارہ مریم نفیس کی جانب سے شیئر کردہ پیغام میں جذلان فیصل کی طرف سے کہا گیا ہےکہ  آپ مجھے بھولے تو نہیں؟ میرا نام جذلان ہے، میرا مختصر تعارف یہی ہے کہ مجھے آج سے 3 ماہ قبل بحریہ ٹاؤن کراچی میں تڑپا تڑپا کر قتل کردیا گیا تھا۔ میرے بوڑھے دادا ،دادی  ہیں، آپ تمام خدارا ان کا سہارا بن جائیں، وہ آپ سے کبھی بھی روپیہ ،پیسہ، کسی امداد ،کسی ایوارڈ کا مطالبہ نہیں کریں گے بلکہ وہ آپ سے صرف میرے لیے کھڑے ہونے کا کہیں گے۔ براہ مہربانی میری مدد کریں۔

یاد رہے کہ جذلان فیصل کو رواں سال 26 مئی کو بحریہ ٹاؤن کراچی میں کار پر  فائرنگ کرکے قتل کردیا گیاتھا۔مقتول اور اس کے دوستوں کی غیرذمے دارانہ طریقے سے موٹرسائیکل چلانے والے نوجوانوں سےتلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد ایک ملزم نے اپنے بھائیوں کو جائے وقوعہ پر بلاکر کار پرفائرنگ کردی تھی۔واقعے میں جذلان فیصل سر میں گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ اس کا دوست زخمی ہوا تھا۔

واقعے کا مرکزی ملزم حسنین جیل کسٹڈی میں ہے جبکہ کیس میں نامزد اسکے والد اور بھائی گزشتہ درخواست ضمانت مسترد ہونے پر ملیر کی مقامی عدالت سے فرار ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ جذلان فیصل یتیم نوجوان تھا جسکی پرورش اسکے بوڑھے دادا دادی نے کی تھی۔

متعلقہ تحاریر