مہوش حیات کی سیلاب متاثرین کی امداد کیلیے عالمی ہنگامی اپیل

اگر کبھی اکٹھے ہونے کا وقت تھا تو یہ اب ہے، میدان میں آئیے اور متاثرین کی مدد کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں کریں،اداکارہ

اداکارہ مہوش حیات نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد کی امداد کیلیے پینی اپیل کے اشتراک سے عالمی ہنگامی امداد کی اپیل کردی۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس حوالے سے ایک طویل وڈیو پیغام جاری  کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اداکارہ مہوش حیات نے اپنے وڈیو  پیغام میں کہا کہ  مجھے یقین ہے کہ میری طرح آپ لوگ بھی پاکستان میں آنے والے تباہ کن  سیلاب کی خوفناک تصاویر اور وڈیوز دیکھ رہے ہوں گے، یہ پاکستان میں اب تک کی بدترین تباہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 3 کروڑ30 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں  جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 1500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور لاکھوں لوگ اب بھی چھت سے محروم ہیں اور یہ سب مزید بدتر ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پینی اپیل اس وقت13شدید ترین متاثرہ علاقوں میں موجود ہے  اور ہزاروں افراد کو  خوراک، پانی اور  ہنگامی امداد فراہم کررہا ہے لیکن یہ سب کچھ ناکافی ہے، ابھی بہت کچھ چاہیے اور طویل عرصے تک چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کبھی اکٹھے ہونے کا وقت تھا تو یہ اب ہے، میدان میں آئیے اور متاثرین کی مدد کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں کریں، نہ صرف آج بلکہ جب تک یہ  اَن گنت تباہ حال  زندگیاں  دوبارہ  اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہو جاتیں۔

 مہوش حیات نے وڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ  کبھی کبھی الفاظ کم پڑجاتے ہیں ۔ آج میں پینی اپیل کے ساتھ ایک عالمی ہنگامی اپیل کررہی ہوں   ہمارے ملک میں ہونے والے خوفناک سانحے کے متاثرین کی مدد کی جا سکے۔

اب وقت آگیا ہے کہ ہم گہرائی میں کھدائی کریں اور جو کچھ ہم کر سکتے ہیں دیں ،ہر چھوٹی سی مدد جانیں بچائے گی، آئیے   یکجان ہوکر یہ کردکھائیں۔پاکستان زندہ باد۔

متعلقہ تحاریر