منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں حریم شاہ کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت منظور
عدالت کی ٹک ٹاکر کو ایف آئی اے سے تحقیقات میں تعاون کی ہدایت، تعاون نہ کرنے پر 25ہزار روپے زرضمانت ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے کیس میں ٹک ٹاکر حریم شاہ کی 7روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ٹک ٹاکر کو ایف آئی اے سے تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے تعاون نہ کرنے کی صورت میں زرتعاون ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔
یہ بھی پڑھیے
حریم شاہ کی وطن واپسی پر ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکنے کی استدعا مسترد
منہ بولے بھائی نے حریم شاہ کو صادق و امین قرار دیدیا
سندھ ہائیکورٹ میں گزشتہ ایف آئی اے کی تحقیقات کیخلاف ٹک ٹاکر کی درخواست پر سماعت ہوئی جہاں حریم شاہ اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ حریم شاہ ایف آئی اے کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتی ہیں، ایف آئی اے کو ان کی گرفتاری سے روکا جائے۔ وکیل نے مزید کہا کہ ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر نوٹس جاری کیا تھا تاہم مذاق میں بنائی گئی ویڈیو پر ٹک ٹاکر معافی مانگ چکی ہیں۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد ٹک ٹاکر کی 7 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 25 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے ٹک ٹاکر کو ایف آئی اے سے تفتیشی میں تعاون کی بھی ہدایت کی ہے، جبکہ عدالت نے ایف آئی اے سے تعاون نہ کرنے پر زر ضمانت ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔









