بھارتی فلمساز میرے ساتھ کام کرنے کے نتائج سے خوفزدہ ہوں گے، فواد خان

2014 میں  فلم خوبصورت کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان  نے 2016 میں کپور اینڈ سنز میں اداکاری کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کرنا شروع کیا ہی تھاکہ پڑوسی ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آنے کے بعد وہ بالی ووڈ فلموں میں نظر آنا بند ہوگئے۔

فواد خان کی آخری بالی ووڈ فلم کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی”اے دل ہے مشکل “ تھی، اب فواد خان کو یقین نہیں ہے کہ کوئی بھارتی فلمساز ان کے ساتھ کام کرے گا کیونکہ ایسا کرنے والے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اداکارہ ماہرہ خان نے فلم لیجنڈ آف مولا جٹ کا ایک اور ٹیزر جاری کردیا

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی پہلے دن کی آمدنی سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنیکا اعلان

ایک حالیہ انٹرویو میں خان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بالی ووڈ میں واپس آنا چاہیں گے، تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا کیونکہ وہ نہ تو تصادم پسند کرتے ہیں اور نہ ہی وہ کوئی تنازع چاہتے ہیں۔ امریکی میگزین ورائٹی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ  سمجھتے ہیں کہ بھارت میں لوگ ان کے ساتھ کام کرنے سے خوفزدہ ہوں گے کیونکہ ان کی طرف انگلیاں اٹھیں گی ۔

انہوں نے کہا  کہ میرے خیال میں یہ سوال زیادہ اہم ہے کہ کیا کوئی اور میرے ساتھ کام کرنا چاہے گا، بجائے اس کے کہ میں دوسروں کے ساتھ کام کروں گا یا نہیں  کیونکہ  میرے ساتھ انگلیاں ان کی طرف اٹھیں گی، میں اپنا کام کر کے چلا جاؤں گا لیکن پھر میرے ساتھ تعاون کرنے والوں کو نقصان اٹھانا پڑے گا اور میں ان کی پرواہ کرتا ہوں کیونکہ انہیں وہیں رہنا ہے اور وہ اس کے نتائج بھگتیں گے۔

فواد خان  نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ انڈیا میں کام کرنے کے بعد پاکستان واپس آئیں گے تو ان کے ساتھ بھی یہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ” مجھے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گےکہ عوام یا حکومت یا  متعلقہ  ادارے اس کے بارے میں  کیاسوچتے ہیں“۔

تاہم فواد خان نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں انہوں نے کچھ اچھے دوست بنائے ہیں اور وہ کسی وقت ان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے، چاہے وہ  بین الاقوامی پلیٹ فارم ہو، پاکستانی یا پھر انڈین پلیٹ فارم ہو“۔

اداکار فواد خان  آخری بار ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار کی  پہلی مسلم سپر ہیرو سیریزمس مارول میں دیکھا گیا تھا۔ وہ اپنی اگلی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں جس میں ماہرہ خان بھی ہیں۔فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ 2 دن بعد 13اکتوبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔

متعلقہ تحاریر