شنیرا اکرم بیٹی کو گود میں بٹھا کر گاڑی چلانے پر فیروز خان پر برس پڑیں
معمولی حادثہ بھی بچے کو بری طرح زخمی کرسکتا ہے، چہ نہیں جانتا کہ کیا صحیح ہے لیکن آپ جانتے ہیں، بیوقوف مت بنیں، بچے کھلونے نہیں ہوتے، شنیکرا اکرم

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی آسٹریلوی نژاد اہلیہ اداکارہ شنیرا اکرم اکثر اوقات سماجی رویوں میں غفلت برتنے پر پاکستانیوں کو تنقید کا نشانہ بناتی رہتی ہیں۔
اس مرتبہ شنیرا اکرم نے دوران ڈرائیونگ غیرذمے داری کا مظاہرہ کرنے پراداکار فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شنیرا اکرم گاڑیوں میں بچوں کو سیٹ بیلٹ نہ لگانے کے رجحان پر فکرمند
انسان دوستی میں کراچی شہر کا کوئی ثانی نہیں ہے، شنیرا اکرم
شنیرا اکرم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اداکار فیروز خان کی ایک وڈیوشیئر کی ہے جس میں وہ اپنی بیٹی کو گود میں بٹھا کر گاڑی چلا رہے ہیں۔شنیرا اکرم نے لکھا کہ” کچھ لوگوں کی حماقت پر اپنے پیٹ میں درد محسوس کررہی ہوں،ان کی موٹی کھوپڑیوں میں یہ بات کیوں نہیں سماتی کہ یہ خطرناک ہے اور آپ اپنے بچے کی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں“ ۔

شنیرا اکرم نے مزید کہا کہ” اگر کوئی گاڑی آپ کو ٹکرمارے، چاہے رفتار30 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم ہو، آپ کی گود میں موجود بچہ آپ کے بازوؤں سے ٹکرا کر زخمی ہو جائے گا، وہ ڈیش بوڈ، ونڈ اسکرین سے ٹکراسکتا ہے یا اس سے بھی بدتر صورتحال سے دوچار ہوسکتا ہے، اگر آپ کا بچہ بچ جاتا ہے تو بھی امکان ہے کہ ا س کے دماغ پر ایسے چوٹ آئے جو عمر بھر کا روگ بن جائے، کیوں، کیوں کوئی بھی کبھی اس کا خطرہ مول لے گا؟ آپ کا بچہ نہیں جانتا کہ کیا صحیح ہے، لیکن آپ جانتے ہیں! بیوقوف مت بنیں، بچے کھلونے نہیں ہوتے“۔
انہوں نے کہاکہ” وہ اس رویے سے بیزار ہیں اور یہ بات مضحکہ خیز لگتی ہے کہ لوگ بنیادی عقل کا استعمال نہیں کرتے۔ انہوں نے فیروز خان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سیٹ بیلٹ باندھیں اور اپنے بچے کو گود کے بجائے پچھلی نشست پر بٹھائیں“۔

شنیرا نے ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں واضح کیا کہ انہیں کسی بھی مشہور شخصیت سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور وہ جو چاہیں پوسٹ کرسکتے ہیں ۔
"لیکن اگر وہ کھلم کھلا خطرناک کام کرتے ہیں جس سے بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑتی ہیں اوروہ انہیں پوسٹ کرتے ہیں تو یہ ٹھیک نہیں ہے اور میں اسے نظر انداز نہیں کر سکتی“۔
انہوں نے مزید کہا کہ” اگر آپ عوام کی نظروں میں ہیں تو آپ پر عوام کے لیے ذمے داری عائد ہوتی ہے، آپ کے اعمال مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کرسکتے ہیں کہ آپ جو کچھ کر رہے ہیں وہ ٹھیک ہے۔ اپنی زندگی اور بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا کبھی بھی ٹھیک نہیں ہے“۔

شنیرا اکرم نے کہاکہ”اگر بچوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے تو وہ کسی پر برسنے میں کوئی رحم محسوس نہیں کرتیں بلکہ وہ خاموش نہ رہنے کو اخلاقی ذمے داری محسوس کرتی ہیں “۔
انہوں نے کہاکہ ”کار کے چھوٹے سے حادثے پر بھی ایئربیگز بغیر کسی وارننگ کے اس تیزی سے باہر آتے ہیں کہ اگر آپ کا بچہ اگلی سیٹ پر ہے یا آپ کی گود میں ہے، تو ایئر بیگ بغیرسیٹ بیلٹ والے بچے کے لیے مہلک ہو سکتا ہے ‘‘ ۔
یاد رہے کہ شنیرا اکرم نے رواں سال کے آغاز میں سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر اداکارہ منال خان اور ان کے شوہر اداکاراحسن محسن اکرام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔









