سشانت سنگھ راجپوت کی لاش کامعائنہ کرنے والے مردہ خانے کے ملازم کا بڑا انکشاف

مجھے لگتا ہے یہ قتل ہے، سشانت کے جسم پر ایسا کوئی نشان نہیں تھا جو عام طور پر پھندا لگاکر خودکشی کرنے والے کے جسم پر ہوتا ہے، اس کے جسم پر فریکچرز کے نشانات تھے، کووپر اسپتال کے مردہ خانے کے ملازم روپ کمار کا دعویٰ

بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ کی موت کوڈھائی سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال یہ معمہ حل نہیں ہوسکا ہے کہ ان کی  موت خودکشی کا نتیجہ تھی یا انہیں قتل کیا گیا۔

اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعدان کی لاش کامعائنہ کرنے والے اسپتال کے مردہ خانے کے ملازم کا چونکا دینے والا دعویٰ سامنے آیا ہےکہ اداکار کی موت خودکشی نہیں بلکہ قتل کا نتیجہ تھی۔

یہ بھی پڑھیے

سشانت سنگھ راجپوت کی موت کا معمہ حل نہ ہوسکا

سشانت سنگھ راجپوت کو قتل کیا گیاتھا، عامر خان کے بھائی فیصل خان کادعویٰ

 

ممبئی کے کووپر اسپتال کے مردہ خانے کے ملازم روپ کمار شاہ نے  بھارتی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے  کہ” جس دن سشانت سنگھ راجپوت کی موت ہوئی تو ہمیں کووپر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے 5 لاشیں ملیں، ان 5 میں سے ایک لاش کسی وی آئی پی شخص کی تھی“۔

انہوں نے بتایا کہ” جب ہم پوسٹ مارٹم کرنے گئے تو ہمیں معلوم ہوا کہ وہ اداکار کی لاش تھی اور ان کے جسم پر کئی نشانات تھے، اداکار کی گردن پر بھی 2 سے 3 نشانات تھے“۔

روپ کمار شاہ نے کہا کہ جب میں نے پہلی بار سشانت سنگھ کی لاش دیکھی تو میں نے جلدی سے اپنے سینئرز کو بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ خودکشی نہیں قتل کا معاملہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ” میں نے ان سے یہاں تک کہا کہ ہمیں اصولوں کے مطابق کام کرنا چاہیے لیکن میرے سینئرز نے مجھے روک دیا اور کہا کہ صرف لاش کی تصاویر لے لو اور جلد از جلد لاش پولیس کو دے دو“۔

روپ کمار نے مزید بتایا کہ”مجھے 28 سال سے زائد کا تجربہ ہے، سشانت کی باڈی میں زخموں کے نشانات تھے، میں اپنے سینیئر کے پاس گیا اور انہیں یہ سب بتایا لیکن انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے پر بعد میں بات کریں گے“۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ”میں 28 سال سے لاشیں دیکھ رہا ہوں، سشانت کے جسم پر ایسا کوئی نشان نہیں تھا جو عام طور پر پھندا لگاکر خودکشی کرنے والے کے جسم پر ہوتا ہے، اس کے جسم پر فریکچرز کے نشانات تھے، پوسٹ مارٹم میں کیا لکھنا ہے یہ تو ڈاکٹر کا کام ہے، سشانت کو انصاف ملنا چاہیے“۔

روپ کمار نے کہا کہ”سشانت سنگھ راجپوت کی تصویر دیکھ کر کوئی بھی آسانی سے یہ بتا سکتا ہے کہ انہیں قتل کیا گیا، اگر تحقیقاتی ایجنسی مجھے بلائے گی تو میں انہیں بھی یہ سب بتاؤں گا“۔

واضح رہےکہ سشانت سنگھ راجپوت14 جون 2020 کو ممبئی میں اپنے فلیٹ کے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے، آنجہانی اداکار نے مبینہ طور پر اپنے کمرے کے پنکھے سے پھندا لگاکر خودکشی کرلی تھی۔

بعدازاں ان کی دوست اداکارہ ریا چکروتی کو ان کی خودکشی کی وجہ قرار دیا گیاتھا۔بعدازاں یہ معاملہ سپریم کورٹ گیا تھا جس نے سشنات کی موت کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کا حکم دیا تھا تاہم اب تک ان کی موت کا قضیہ حل نہیں ہوسکا ہے۔

یاد رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ دم گھٹنے کو قرار دیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم ممبئی کے اسی اسپتال میں کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر