بھارتی اداکارہ نے اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ دیا
ممبئی: بگ باس سیزن 6 سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ نے اسلام کی خاطر شوبز چھوڑ دیا ہے۔
انسٹاگرام پر جاری پیغام میں اداکارہ ثناء خان نے اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ ہے۔ اللہ اس سفر میں میری رہنمائی کرے۔
انسٹاگرام پر انہوں نے لکھا کہا کہ آج میں اپنی زندگی کے ایک اہم موڑ پر آپ سے بات کر رہی ہوں۔ میں سالوں سے شوبز سے وابستہ ہوں۔ اسی عرصے میں مجھے اپنے چاہنے والوں کی طرف سے ہر طرح کی شہرت، عزت اور دولت نصیب ہوئی جس کیلئے میں ان کی شکرگزار ہوں۔ لیکن اب کچھ دن سے مجھ پر یہ احساس قبضہ جمائے ہوئے ہے کہ انسان کے دنیا میں آنے کا مقصد صرف یہی ہے کہ وہ دولت اور شہرت کمائے؟
انہوں نے طویل پیغام کے ساتھ لکھا کہ میں آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ آج سے میں اپنی شوبز کی زندگی چھوڑ کر انسانیت کی خدمت اور اپنے پیدا کرنے والے کے حکم پر چلنے کا پکا ارادہ کرتی ہوں۔