فیروز خان نے ساتھی فنکاروں کی ذاتی معلومات افشا کرکے نیا محاذ کھول لیا

اداکار منیب بٹ نے فیروز خان کیخلاف ایف آئی اے سے رجوع کرلیا، پہلے ایک سابقہ بیوی اور اس کا ایک وکیل تھا، اب 10 مشہور شخصیات اور ان کے وکلا سے سامنا ہوگا، ثروت گیلانی کا فیروز خان کو انتباہ، فرحان سعید نے فیروز خان کو معافی کیلیے 3 دن کا وقت دیدیا، میرا سیٹھی کا بھی قانونی چارہ جوئی کا اعلان، عثمان خالد بٹ اور یاسر حسین کا بھی سخت ردعمل

طلاق کے بعد سابقہ اہلیہ پر تشدد کے الزامات کاسامنا اور بچوں کے حصول کی قانونی جنگ میں پھنسے اداکار فیروز خان نے نیا محاذ کھول لیا۔

اداکار فیروز خان ہتک عزت کے قانونی نوٹس میں درج  ساتھی فنکاروں کی ذاتی معلومات  سوشل میڈیا پر شیئر کرکےنئی  مشکل میں پھنس گئے۔

اداکارمنیب بٹ  نے اہلیہ اداکارہ  ایمن خان اورسالی منال خان  کا فون  نمبر، گھر کا پتہ اور دیگر ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر اداکار فیروز خان کیخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کرلیا۔اداکارہ  ثروت گیلانی،میراسیٹھی،یاسر حسین،فرحان سعید اور عثمان خالد بٹ نے بھی فیروز خان کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیدیا۔

یہ بھی پڑھیے

فیروز خان کا مبینہ بے بنیاد الزامات پر سابقہ اہلیہ اور فنکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس

فیروز خان کا قابل نفرت اقدام، ثروت گیلانی کا عدالت جانے کا اشارہ

اداکار منیب بٹ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں فیروز خان کا نام لیے بغیر انہیں  مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ  ”میرے خاندان کی ذاتی معلومات اپنے سوشل میڈیاپر لیک کرنے کیلیے ہوشیاری دکھاتے ہوئے قانونی نوٹس کو اپ لوڈ کیا اور پھر ڈیلیٹ کردیا،میرے دوست  جس کسی نے بھی تمہیں یہ مشورہ دیا ہے اس نے تمہیں بڑی مشکل میں پھنسادیا ہے، مجھے تم پر ترس آرہا ہے،اب تمہیں اس سب کو بھگتنا ہوگا“۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Muneeb Butt (@muneeb_butt)

انہوں نے مزید کہاکہ ”پہلے میں اسے بیوقوفی سے کی گئی غلطی سمجھا اور 24 گھنٹے انتظار کیا لیکن کوئی معذرت نہیں آئی جس نے ثابت کردیا کہ یہ سوچا سمجھا اقدام ہے۔واقعی میں تمہیں اس سے بہتر سمجھتا تھا۔ ایف آئی اے میں شکایت کا اندرج اور اس کی تصدیق کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ سائبر سرکل  نے انکوائری شروع کردی ہے، کارروائی شروع ہوچکی ہے،تمہیں اپنے کیے کا مزہ اب خود چکھنا ہوگا،اب کال کا انتظار کرو“۔

منیب بٹ نے ایف آئی اے میں درج کرائی گئی شکایت کا عکس شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں  فیروز خان کو انکے نام کے ابتدائی حروف سے مخاطب کرتے ہوئے لکھاکہ”تمہارے اور تمہارے اہلخانہ کے ذاتی فون نمبر اور گھر کی تفصیلات  ظاہرک رنا آسان تھا لیکن یہاں ایک فرق ہے، میں اب بھی تمہارے اہلخانہ کی اپنے اہلخانہ کی طرح عزت کرتا ہوں،اور ان کے ساتھ ایسا نہیں کروں گا“۔

منیب بٹ نے فیروز خان کو وکیل تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیدیا۔منیب بٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھاکہ”اپنا وکیل تبدیل کرو، ایڈووکیٹ صاحب ماشااللہ سے تمہارے کیس سے اپنے یوٹیوب سبسکرائبرز بڑھارہے ہیں،یہ کیس اس وقت تک چلتا رہے گا جب تک وہ سلور بٹن حاصل نہیں کرلیتے۔

اداکارہ ایمن خان اور منال خان نے بھی اپنے انسٹاگرام  پر اس حوالےسے ایک ہی بیان شیئر کیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ کل میری ذاتی معلومات بشمول میرا ذاتی فون نمبر سوشل میڈیا پر لیک کیا گیا۔ یہ ایک انتہائی شرمناک فعل تھا جو فیروز خان نے جان بوجھ کر قانونی نوٹس جاری کرنے کے مضحکہ خیز بہانے سے کیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Aiman Muneeb (@aimankhan.official)

انہوں نے کہاکہ ان کے اس عمل نے مجھے شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ مجھے سیکڑوں کالز اور پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ میری ذاتی سلامتی کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور مجھے خطرے میں ڈال دیا گیا ہے کیونکہ مجھے متعدد نمبروں سے ذہنی طور پر ہراسانی اور  تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور دھمکیاں دی گئیں۔ میری اور میرے خاندان کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Minal Ahsan (@minalkhan.official)

ایمن اور منال نے کہاکہ ایسی حرکتیں غیر قانونی ہیں  ، میں فیروز خان کے خلاف سوشل میڈیا پر اپنی نجی معلومات لیک کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد دیگر مشہور افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کروں گی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Sarwat G (@sarwatg)

اداکارہ ثروت گیلانی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں 2 روز کے دوران اپنی فون پر موصول ہونے والی کالز کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ”فیروز خان کی جانب سے قانونی نوٹس بھیجنے کے بہانے کئی مشہور شخصیات کے فون نمبرز سمیت نجی معلومات کو افشا کرنا مضحکہ خیز اور قابل نفرت ہے“ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ”  یہ اقدام نہ صرف   غیر قانونی ہے  بلکہ معاملات کو مہذب انداز سے حل کرنے میں اس کی ناپختگی کو بھی ظاہر کرتا ہے“ ۔

ثروت گیلانی نے مزید کہا کہ”دو دن پہلےفیروزخان کو  ایک سابقہ  بیوی اور اس کے ایک  وکیل کاسامنا تھا ،اب اسے 10 مشہور شخصیات اور ان کے وکلا کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس کے خلاف کھڑے ہیں۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے اپنی اسٹوری میں ثروت گیلانی کی پوسٹ کا عکس شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ”اچھی لڑائی  نتائج سے قطع نظر ہوکر ہمیشہ لڑنی چاہیے“۔

عثمان خالد بٹ نے منال خان کی انسٹاگرام پوسٹ کا عکس اپنی اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ”میرے پاس الفاظ نہیں  ہیں، گزرے 2 دن ایک بھیانک خواب تھے، میں تصور بھی نہیں کرسکتا کہ آپ اور نشانہ بنائی گئی دیگر تمام خواتین فنکارائیں کس صورتحال سے گزری ہوں گی“۔

اداکارو گلوکار فرحان سعید نے اداکار فیروز خان کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے 3 معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قانونی کارروائی سے خبردار کردیا۔

اداکارہ میراسیٹھی اور اداکارہ ثروت گیلانی نے بھی فیروز خان کیخلاف قانونی کارروائی کا اشارہ دیدیا۔

اداکار یاسر حسین نے فیروز خان کی جانب سے فون نمبرافشا کرنے پر ملنے والی دھمکیوں کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے صارفین سے اس حوالے سے مشورہ طلب کرلیا۔

متعلقہ تحاریر