جنوبی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، 8دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید
شن ورشک کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی، کمانڈر جان محمد عرف چراغ سمیت 8 دہشتگرد مارے گئے، 4 فوجی جوان زخمی بھی ہوئے، 31 سالہ شہید حامد رسول کا تعلق راولپنڈی سے تھا، آئی ایس پی آر

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔ اپریشن میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شن وارسک کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران فورسز اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
کوہاٹ: مسجد کے باہر دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید
پاک ایران سرحد پر دہشتگردوں کی فائرنگ ، پاک فوج کے چار جوان شہید
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جن میں دہشت گرد کمانڈر جان محمد عرف چراغ بھی شامل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد وں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، مارے گئے دہشت گرد فورسز کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی حامد رسول شہید اور دو افسران سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ 31 سالہ شہید سپاہی حامد رسول کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہناتھاکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ 21 مارچ کو جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران انٹر سروسز انٹیلی جنس(آئی ایس آئی) کے ایک بریگیڈیئر شہید ہوگئے تھے جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی جوان شہید اور تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔10 مارچ کو بھی شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھےا۔









