شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، دو دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیا۔

سیکورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں نائیک فضل جانان بھی جام شہادت نوش کر گئے ، فضل جانان نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جان دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کردیا جبکہ جنوبی وزیرستان میں دوسرے دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔

یہ بھی پڑھیے 

فورسز کی کامیاب ترین کارروائی، کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی گلزار امام گرفتار

امیرالبحر کی زیر صدارت نیول اہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دونوں دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق، 8 اپریل 2023 کو فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان دو الگ الگ مقابلے ہوئے۔پہلا تبادلہ شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں ہوا۔

سیکورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور اس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔ فورسز نے مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔

دوسرا تصادم جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں ہوا۔ ایک بار پھر سیکورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔

تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ سپاہی نائیک فضل جانان شہید ہو گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز علاقے سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لے پرعزم ہے۔

متعلقہ تحاریر