باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، ایک دہشتگرد ہلاک، ایک فوجی جوان شہید
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے سے آخری دہشتگرد کے خاتمے سے آپریشن کلین اپ جاری رہے گا۔
خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع باجوڑ میں مبینہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا جبکہ ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلع باجوڑ کے علاقے لوسم میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
شمالی وزیرستان میں سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 4 مشتبہ دہشتگرد ہلاک
9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، آرمی چیف
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد مارا گیا۔
تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان کا رہائشی 23 سالہ سپاہی شفیق الرحمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
فوج نے باقی ماندہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری کررکھا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، فوجیوں کی قربانیوں نے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔