عالمی یوم ماحولیات 2023 کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام
آج کے دن آئیے ایک بار پھر عہد کرتے ہیں کہ ہم صاف اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لئے بھرپور عزم کے ساتھ کوشش کریں گے۔
عالمی یوم ماحولیات ہر سال 5 جون کو اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے زیر سرپرستی منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد قدرتی ماحول کا تحفظ اور ماحول کو درپیش مسائل مثلا آلودگی، جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت، وسائل کے پائیدار استعمال، بڑھتی ہوئی سمندری سطح اور غذائی سیکیورٹی کے حوالے سے آگہی کا فروغ یقینی بنانا ہے۔
رواں سال عالمی یوم ماحولیات کا عنوان ” پلاسٹک آلودگی کا حل” ہے۔ عالمی یوم ماحولیات 2023 یہ دکھائے گا کہ کس طرح مختلف ممالک، کاروباری حلقے اور افراد چیزوں کا پائیدار استعمال سیکھ رہے ہیں اور ان کاوشوں سے پلاسٹک آلودگی ایک دن قصہ پارینہ بن جائے گی۔ یہ ایک بر وقت یاددہانی بھی ہے کیونکہ دنیا پلاسٹک سے بھرتی جا رہی ہے۔ ہر سال عالمی سطح پر 400 ٹن سے زائد پلاسٹک تیار کیا جا رہا ہے، جس کا نصف صرف ایک بار استعمال کے لئے بنایا جاتا ہے اور اس کا محض 10 فیصد ری سائیکل کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام،کالعدم ایس آر اے کا دہشتگرد گرفتار
ضلع کیچ میں دہشتگردوں کا سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 جوان شہید
ایک اندازے کے مطابق سالانہ پیدا ہونے والے پلاسٹک کا 19-23 فیصد جھیلوں، دریاؤں اور سمندروں میں شامل ہو جاتا ہے۔ دور حاضر میں یہی پلاسٹک زمین اور سمندر کو آلودہ کرنے کے علاوہ جلائے جانے پر زہریلے دھویں میں تبدیل ہو کر کرہ ارض کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔علاوہ ازیں، مائیکرو پلاسٹک ایک اضافی خطرہ ہے جو ہماری خوراک، پینے کے پانی اور ہوا کے ذریعے ہماری سانس میں داخل ہو رہا ہے۔ کئی پلاسٹک مصنوعات میں زہریلے اجزاء موجود ہوتے ہیں جو ہماری صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔
پاک بحریہ میں عالمی یوم ماحولیات منانے کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے آگہی کا فروغ اور پاک بحریہ کے اہلکاروں کو ماحولیاتی انحطاط کے مضر اثرات کے خلاف کام کے لئے متحرک کرنا ہے۔
پاک بحریہ نے اس حوالے سے کئی اقدامات کیے ہیں جن میں بندرگاہ سے سولڈ ویسٹ جمع کرنے کے انتظامات، اپنے زیر انتظام علاقوں میں ریڈ بیڈ پلانٹس کا قیام اور وسیع پیمانے پر شجر کاری مہمات شامل ہیں۔
پاک بحریہ سرکاری اور نجی اداروں اور ڈیپارٹمنٹس میں بھی آبی آلودگی کے حوالے سے آگہی پیدا کر نے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے تاکہ اس حوالے سے موثر اقدامات کیے جائیں۔ اگرچہ آگہی کا فروغ ناگزیر ہے تاہم پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز اور یونٹس اس حوالے سے احساس ذمہ داری پیدا کرنے اور عملی کردار کے لئے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں تاکہ ماحول کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ میں امید کرتا ہوں کہ میرے زیر کمان تمام افراد ان سرگرمیوں کو قابل قدر اور نتیجہ خیزبنا نے کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں کریں گے۔
آج کے دن آئیے ایک بار پھر عہد کرتے ہیں کہ ہم صاف اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لئے بھرپور عزم کے ساتھ کوشش کریں گے کیونکہ ماحول ہماری زندگیوں پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ میں صنعتوں سے وابستہ افراد کو بھی یہ تحریک دینا چاہوں گا کہ وہ ایسے طریقے اپنائیں جو پلاسٹک آلودگی کے عملی حل کی ہماری کاوشوں سے ہم آہنگ ہوں۔