عالمی یوم بحر 2023 کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام
امیر البحر کا کہنا ہے کہ آج کے دن ہم سب یہ عزم کرتے ہیں کہ ہم اپنے سمندر کو مزید انحطاط سے بچانے اور اب تک سمندر کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
عالمی یوم بحر ہر سال 8 جون کو منایا جاتا ہے تاکہ انسانی سرگرمیوں کے سمندروں پر اثرات کے حوالے سے آگہی بڑھائی جا سکے اور انسانوں میں یہ تحریک پیدا کی جا سکے کہ وہ سمندری وسائل کا دیرپا اور پائیدار استعمال یقینی بنائیں۔
سمندر کرہ ارض پر زندگی کی بقا کا بڑا ذریعہ ہیں اور زمین پر پیدا ہونے والی آکسیجن کا 50 فیصد پیدا کرتے ہیں اسی لئے انہیں زمین کے پھیپڑے بھی کہا جاتا ہے۔ سمندر گرین ہاؤس گیسوں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے انجذاب میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
عالمی یوم بحر کا مقصد عالمی سمندروں کو بہتر حالت میں برقرار رکھنا اور ماحول کا توازن برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کرنا ہے۔ عالمی یوم بحر2023 کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے منتخب کردہ عنوان "سیارہ سمندر: بدلتی لہریں” ہے، جس کا مطلب ہے کہ سمندروں کے تحفظ کے حوالے سے دنیا بھر میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پاک بحریہ نے ماحولیات کا عالمی دن منایا
عالمی یوم ماحولیات 2023 کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام
عالمی یوم بحر کے موقع پر ہم آلودگی، سمندری انواع، بے انتہا ماحولیاتی تبدیلیوں اور سمندری حیات کی بقاء کو درپیش خطرات جیسے چیلنجز کو تسلیم کرتے ہیں جو ہمارے سمندروں کی بقا کے لئے خطرہ ہیں۔ ہم اپنے ذرائع معاش کے لئے سمندر پر انحصار کرتے ہیں، صرف ماہی گیری ہی سمندر سے صارف تک پہنچنے میں نہ صرف اربوں افراد کو خوراک فراہم کرتی ہے بلکہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو روزگار کے ذرائع بھی فراہم کرتی ہے۔
دنیا بھر میں انسانوں کی خوراک میں شامل حیوانات سے ملنے والی 15 فیصد پروٹین سمندری مچھلیوں کے ذریعے حاصل کی جاتی ہے۔جیسے جیسے سمندر کو درپیش خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے اسی طرح ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے منفرد حل تلاش کرنا بھی نا گزیر ہو چکا ہے۔
عالمی یوم بحر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستان نیوی سمندری وسائل کے محفوظ اور دیر پا استعمال کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھا رہی ہے۔ اس حوالے سے پاک بحریہ کے چند اہم اقدامات میں ساحلوں کی صفائی مہمات، بندرگاہوں کی صفائی کے لئے مقامی طور پر کشتیوں کی تیاری اور استعمال، تیمر کی شجر کاری مہمات، ماہی گیری میں ممنوع جال کے استعمال کی روک تھام، سمندر میں تیل کے رساؤ سے پیدا ہونے والی آلودگی کی روک تھام اور سمندروں میں آلودہ پانی کی نکاسی روکنے کے حوالے سے صنعتی برادری میں آگہی کا فروغ شامل ہیں۔اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے اور سمندر ی وسائل کے پائیدار استعمال کے حوالے سے سنجیدہ کاوشوں کے مظاہرے کے طور پر پاک بحریہ میں کئی سرگرمیو ں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں زیر کمان تما م افراد کی فعال اور موثر شمولیت اس موقع پر متعین کردہ اہداف کے حصول میں اہمیت کی حامل ہے۔
آج کے دن ہم سب یہ عزم کرتے ہیں کہ ہم اپنے سمندر کو مزید انحطاط سے بچانے اور اب تک سمندر کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ایسے طریقے اختیار کریں جن سے سمندروں کو محفوظ بنایا جا سکے کیونکہ سمندر زمین پر زندگی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔