پاک بحریہ کا سندھ کے سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری
سندھ کے ساحلی علاقوں سے سمندری طوفان کے ممکنہ ٹکراؤ کے پیش نظر پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں مقامی افراد کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
کراچی: پاک بحریہ سندھ کے دور دراز ساحلی علاقوں میں ریلیف آپریشنز اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر طوفان سے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کیں۔ پاک بحریہ کے دستوں نے کیٹی بندر، کھارو چن، شاہ بندر، باغان، سجاول، چوہڑ جمالی اور جاتی شہر سے متصل ساحلی علاقوں سے 800 سے زائد مکینوں کومحفوظ مقام پر منتقلی میں مدد فراہم کی-
یہ بھی پڑھیے
پاک بحریہ سمندری طوفان بپرجوئے کے پیش نظر ہائی الرٹ
پاک بحریہ کے جہاز ٹیپو سلطان کی انڈونیشیا میں کثیرالقومی مشق کموڈو-23 میں شرکت
علاوه ازیں کیٹی بندر میں عالمی ادارۂ صحت اور محکمہ صحت حکومت سندھ کے تعاون سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ عالمی ادارۂ صحت میں پاکستان کے ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے میڈیکل کیمپ کادورہ کیا اور سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں افراد کو طبی معاونت اور مچھردانیاں بھی فراہم کی گئیں۔
پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیمیں شیلٹر کیمپوں میں متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں جبکہ پاک بحریہ کے جہاز اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں کھلے سمندر اور ساحلی علاقوں میں پٹرولنگ جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ متاثرہ لوگوں کی بروقت مدد کی جا سکے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں سے سمندری طوفان کے ممکنہ ٹکراؤ کے پیش نظر پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں مقامی افراد کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔