خیبر کے علاقے باڑہ میں دھماکے، 2 پولیس اہلکار شہید ، 10 زخمی
پولیس کی جوابی فائرنگ سے کمپاؤنڈ میں داخل ہونے والے 2 دہشتگرد مارے گئے ، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں پولیس کی بروقت کارروائی ، دہشگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ، دو خودکش حملہ آور مارے گئے ، دھماکوں کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا، دہشتگردوں نے باڑہ تھانہ ، سی ٹی ڈی سیل اور سرکاری دفاتر پر پر مشتمل تحصیل کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی۔ ایک دہشتگرد مرکزی گیٹ پر جبکہ دوسرا عقبی دروازے پر پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
عاشورہ سے قبل سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد گرفتار
پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا، 8 افراد زخمی: پولیس
دھماکے اور فائرنگ کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا جبکہ چھ زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ ایک زخمی کو پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) منتقل کیا گیا۔ دھماکے سے عمارت کی چھت گرنے سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکام نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر مارکیٹ کو بند کرا دیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر بھیجی گئی ہیں تاکہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جا سکے۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک لاش اور چار زخمیوں کو جن میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، کو طبی مرکز لایا گیا ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈاپور کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ دس زخمی ہو گئے۔ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر سیکورٹی پہلے ہی الرٹ تھی۔ بروقت اطلاع کی وجہ سے پولیس مکمل طور پر چوکس تھی ، جس کی وجہ سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
کے پی کے انسپکٹر جنرل اختر حیات نے تصدیق کی کہ دھماکہ خودکش حملہ تھا۔ ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو خودکش حملہ آوروں نے عمارت کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی، ایک نے مین گیٹ جبکہ دوسرے نے عقبی گیٹ سے داخل ہونے کی کوشش کی۔
پولیس چیف نے کہا کہ دونوں حملہ آور پولیس کی جانب سے روکنے کے بعد جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے مزید تفتیش کے لیے خودکش حملہ آوروں کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔