آرمی چیف سے جنرل مائیکل ایرک کی ملاقات ، پاک فوج کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی تعریف
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں اطراف کی فوجی قیادت نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک نے پیر کے روز پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی سینٹ کام کمانڈر جنرل مائیکل ایرک نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیے
کور کمانڈرز کانفرنس: فوج کا حکومت کے معاشی بحالی کے منصوبے کی حمایت کرنے کا عزم
پاکستان اور ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کے خاتمے پر متفق ہیں، آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اطراف کی فوجی قیادت نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دورہ کرنے والے معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کیا اور تعریف کی۔
سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کا یہ دوسرا دورہ ہے کیونکہ انہوں نے فوج کی کمان میں تبدیلی کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ دورے کے موقع پر جنرل مائیکل ایرک نے پاک فوج کے اعلیٰ قیادت کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقاتیں کی تھیں ، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام، سیکیورٹی تعاون اور فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔