امیرالبحر کی زیر صدارت نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد

امیرالبحر نے ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اسلام آباد: پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔

کانفرنس کے دوران شرکاء نے خطے میں بدلتی ہوئی سمندری صورتحال، قومی سلامتی، جیواسٹریٹیجک امور اور جنگی تیاریوں سے متعلق متعدد موضوعات کا جائزہ اور سروس کی مختلف پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

علاوہ ازیں، ملک میں جاری مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلاب الرٹس کے پیش نظر قدرتی آفات سے متعلق امدادی کارروائیوں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے 

خیبر میں مسجد کے اندر خودکش دھماکے میں ایس ایچ او شہید، پولیس

پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جنرل عاصم منیر

نیول چیف نے پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا مؤثر انداز سے مقابلہ کرنے کے لیے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

انہوں نے تمام کمانڈز کو جاری مون سون سیزن کے دوران امدادی سرگرمیوں کے لیے پوری طرح تیار رہنے کی ہدایت کی۔

امیرالبحر نے جدید ٹیکنالوجیز کے حصول کے ذریعے صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر