وادی تیراہ میں دہشتگردوں کا حملہ ، دو فوجی جوان شہید

ڈان نیوز کے مطابق سیکورٹی فورسز کے حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے میں 3 جوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں دہشتگردوں کے حملے میں دو فوجی شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ واقعہ ڈان نیوز نے رپورٹ کیا ہے۔

انگریزی روزنامے ڈان نیوز کے مطابق ابھی اس واقعے کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم مقامی ذرائع نے بتایا کہ وادی کے باغ میدان مرکز سے تقریباً سات کلومیٹر دور تھند علاقے میں ایک موبائل بم ڈسپوزل پارٹی پر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح دہشتگردوں نے گھات لگا کر فرنٹیئر کور (ایف سی) کے جوانوں پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا ، جس کے نتیجے میں دو جوان شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے

پاک چین مضبوط تعلقات نے تمام چیلنجز کے مواقع پر زبردست تعاون کا مظاہرہ کیا، آرمی چیف

پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جنرل عاصم منیر

دہشتگردوں کی جانب سے حملہ دووا تھوئے فوجی چیک پوسٹ کے قریب کیا تھا ، جو وادی میں داخل ہونے کا واحد پوائنٹ ہے ، جہاں ہر مسافر کی وادی میں داخلے سے قبل مکمل چیکنگ کی جاتی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ حملے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر دہشتگردوں کی تلاش کے لیے قریبی جنگلاتی پہاڑیوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی ہے جب کہ اس رپورٹ کے آنے تک واقعے کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یہ واقعہ باغ میدان مرکز میں منعقد ہونے والی ایک بہت بڑی عوامی ریلی کے ایک ہفتہ کے بعد پیش آیا ہے۔ ریلی کے شرکاء نے سیکورٹی فورسز سے خطے میں موجود تمام ناپسندیدہ عناصر کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔ جو گزشتہ سال جون سے تیراہ کے مختلف حصوں میں گھس آئے تھے۔

متعلقہ تحاریر