فوج کے پاس مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے تمام وسائل موجود ہیں، جنرل عاصم منیر
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے اسٹرائیک کور کے اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگ کی اہلیت اور جوانوں کے جارحانہ جذبے کو سراہا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی جنگی مہارت اور جذبہ قابل دید ہے، پاک فوج تمام خطرات اور ناپاک عزائم سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج جہلم کے قریب ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کے دورے کے موقع پر کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بدھ کے روز جہلم کے قریب ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
ژوب میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جدید VT-4 ٹینکوں کے براہ راست فائر اور مشقوں کا مشاہدہ کیا، لانگ رینج SH-15 آرٹلری گنوں کی شوٹ اور اسکوٹ صلاحیتوں اور جدید آلات کی نمائش دیکھی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے عملے کی جنگی مہارت اور جدید ترین ہتھیاروں پر ان کی مہارت کو سراہا۔
اس موقع پر جنرل منیر نے کہا کہ "پاک فوج موجودہ اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کے لیے تیار ہے اور اس کے پاس اپنے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔”
انہوں نے اسٹرائیک کور کے دستوں کے اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگ کی اہلیت اور جارحانہ جذبے کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل کور کمانڈر منگلا نے آرمی چیف سید عاصم منیر کا شاندار استقبال کیا، اور انہیں اسٹرائیک کور کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔